پاکستان کی خوبصورتی دیکھ کر حیران رہ گئی، کیٹ مڈلٹن
برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن گزشتہ ہفتے 14 اکتوبر کی شب اپنے پہلے تاریخی 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے اور وہ 18 اکتوبر کی دوپہر تک یہاں رہے۔
اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران برطانوی شاہی جوڑے نے دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری اسکول کے دورے سمیت ایوان صدر، وزیر اعظم ہاؤس اور یادگار پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے منعقد کردہ عشائیے میں شرکت کی۔
شاہی مہمان دورے کے دوسرے روز صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر چترال گئے اور وہاں انہوں نے کیلاش قبیلے کے ساتھ وقت گزارا اور کوہ ہندو کش کے خوبصورت نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔
کیٹ مڈلٹن اور ولیم نے تیسرے روز پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا رخ کیا اور انہوں نے بادشاہی مسجد، نیشنل کرکٹ اکیڈمی، ایس او ایس ولیج اور شوکت خانم کینسر ہسپتال سمیت دیگر جگہوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے اپنے دورے کے آخری روز بھی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا اور 18 اکتوبر کی دوپہر کو تاریخی دورہ مکمل کرکے برطانیہ روانہ ہوگئے۔
شاہی جوڑے کے پہلے پاکستانی دورے پر جہاں پاکستانی میڈیا نے انہیں خصوصی کوریج دی، وہیں برطانوی و امریکی میڈیا سمیت دیگر عالمی نشریاتی اداروں نے بھی ان کے دورہ پاکستان پر خصوصی نظر رکھی۔
پاکستان کے پہلے دورے کے دوران ہی کیٹ مڈلٹن نے شہزادہ ولیم سے شادی کے بعد پہلا ٹی وی انٹرویو بھی دیا، جس میں انہوں نے دورہ پاکستان سے متعلق کھل کر بات کی۔
شہزادی کیٹ مڈلٹن نے شادی کے بعد پہلا ٹی وی انٹرویو امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کو دیا، ان کا انٹرویو دورے کے تیسرے روز لاہور میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں بطور شاہی فرد پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک دیکھنے کا موقع بھی ملا ہے اور انہوں نے اب تک بہترین نظاروں والے ممالک بھی دیکھے ہیں۔
شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنے مختصر انٹرویو میں پاکستانی سرزمین اور یہاں کے خوبصورت نظاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کی خوبصورتی دیکھ کر حقیقت میں حیرانی ہوئی۔
انہوں نے پاکستان میں ہونے والے سماجی کاموں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور لاہور کے ایس او ایس ولیج کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے ادارے سے منسلک خواتین انتہائی مثبت سوچ کے ساتھ اہم خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔
کیتھرائن کیٹ مڈلٹن کے مطابق انہیں اور ان کے شوہر کو پاکستانی دورہ کرکے بہت اچھا لگا اور انہوں نے اپنے دورے کے دوران پاکستان کا چھپا ہوا حسن دیکھا اور انہیں یہ سب دیکھ کر انتہائی اچھا محسوس ہوا۔
شہزادی مڈلٹن نے پاکستانی خواتین کی بھی تعریف کی اور بتایا کہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران خواتین کو مثبت کاموں میں مصروف دیکھا۔
کیٹ مڈلٹن نے دورے کے تمام دنوں میں مشرق طرز کے لباس زیب تن کیے جس پر ان کی بہت تعریفیں کی گئیں، انہوں نے پاکستانی فیشن ہاؤسز اور ڈیزائنرز کے تیارہ کردہ لباس بھی پہنے۔
ساتھ ہی شہزادہ ولیم نے بھی پاکستانی دورے کے دوران شیروانی پہن کر نئی تاریخ رقم کی، وہ شیروانی پہننے والے پہلے برطانوی شاہی فرد بن گئے۔
شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن سے قبل شہزادہ ولیم کے والد شہزادہ چارلس اپنی اہلیہ کمیلا پارکر کے ساتھ 2006 میں پاکستانی دورے پر آئے تھے، ان سے قبل شہزادہ ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا بھی پاکستانی دورے پر آچکی تھیں۔
ملکہ برطانیہ بھی ماضی میں پاکستانی دورہ کر چکی ہیں۔