• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جینیفر لوپیز کو اپنی ہی تصویر شیئر کرنے پر2 کروڑ 35 لاکھ روپے جرمانے کا سامنا

شائع October 10, 2019
اداکارہ نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی تھی — فوٹو: اے ایف پی
اداکارہ نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی تھی — فوٹو: اے ایف پی

ہولی وڈ اداکارہ و گلوکارہ جینیفر لوپیز یوں تو ادھیڑ عمری میں بھی اپنی بولڈ پرفارمنس، فٹنیس اور انداز کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں لیکن اب انہیں کم سے کم 2 کروڑ 35 لاکھ روپے جرمانے کا سامنا ہے۔

جی ہاں، خبریں ہیں کہ جینیفر لوپیز پر ایک نیوز اینڈ فوٹوگراف ایجنسی نے تصویر شیئر کرنے پر ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کا مقدمہ دائر کردیا۔

شوبز ویب سائٹ ’ای آن لائن‘ کے مطابق جینیفر لوپیز پر امریکی نیوز اینڈ فوٹوگراف ایجنسی ’اسپلاش‘ نے اجازت کے بغیر اپنی اور اپنے منگیتر کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔

گلوکارہ نے اپنے منگیتر کے ہاتھ میں ہاتھ ملاکر چلنے والی تصویر شیئر کی تھی—فوٹو: ای آن لائن
گلوکارہ نے اپنے منگیتر کے ہاتھ میں ہاتھ ملاکر چلنے والی تصویر شیئر کی تھی—فوٹو: ای آن لائن

ایجنسی کی جانب سے مقامی عدالت میں گلوکارہ کے خلاف کاپی رائٹس کے تحت مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ جینیفر لوپیز نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ان کی ایک پرانی تصویر شیئر کی۔

ایجنسی کے مطابق جینیفر لوپیز نے ’اسپلاش‘ کی ملکیت رہنے والی 2017 کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں گلوکارہ کو اپنے منگیتر ایلکس روڈ رگیوز کے ساتھ رومانوی انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ایجنسی نے جس تصویر کو شیئر کرنے پر گلوکارہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا، اسے 2017 میں اس وقت کھینچا گیا تھا جب ان کی منگنی نہیں ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں سامنے آر ہی تھیں۔

تصویر میں دونوں کو رومانوی انداز میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ اپنی صحت و دلکشی کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ اپنی صحت و دلکشی کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

بعد ازاں جینیفر لوپیز نے ایلکس روڈ رگویز سے رواں برس مارچ میں منگنی کرلی تھی اور جلد ہی دونوں شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تاہم اداکارہ کی جانب سے تصویر کو نیوز ایجنسی کو کریڈٹ دیے بغیر یا ان سے اجازت لیے بغیر شیئر کرنے پر ان کے خلاف ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر کے جرمانے کا کیس دائر کردیا گیا۔

’اسپلاش نیوز‘ دنیا بھر کے نشریاتی اداروں، ویب سائٹس اور اخبارات کو تصاویر اور خبریں پیسوں کے عوض فروخت کرتی ہے اور یہ ایجنسی معروف شخصیات کی انتہائی خاص تصاویر بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے۔

جینیفر لوپیز نے تاحال مقدمہ دائر ہونے پر کچھ نہیں کہا—فوٹو: اے ایف پی
جینیفر لوپیز نے تاحال مقدمہ دائر ہونے پر کچھ نہیں کہا—فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب اپنے خلاف مقدمہ دائر ہونے پر تاحال جینیفر لوپیز کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی معروف شخصیت پر اپنی ہی تصویر شیئر کرنے پر مقدمہ کیا گیا ہو۔

ان سے قبل فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل جی جی حدید پر بھی رواں برس ستمبر میں ایک امریکی فوٹوگرافر نے اپنے سابق بوائے فرینڈ کی تصویر شیئر کرنے پر مقدمہ دائر کردیا تھا۔

جی جی حدید پر امریکی فوٹوگرافر رابرٹ اونیل نے ان کے خلاف ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

جی جی حدید پر بھی سابق بوائے فرینڈ زین ملک کا فوٹو شیئر کرنے پر مقدمہ ہو چکا ہے—فوٹو: دی گلیمر
جی جی حدید پر بھی سابق بوائے فرینڈ زین ملک کا فوٹو شیئر کرنے پر مقدمہ ہو چکا ہے—فوٹو: دی گلیمر

فوٹوگرافر کے مطابق جی جی حدید نے اجازت کے بغیر زین ملک کی ایک تصویر شیئر کی جس کے حقوق فوٹوگرافر کے پاس تھے۔

وہ تصویر اس وقت کھینچی گئی تھی جب پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک اور جی جی حدید کے درمیان معاشقہ چل رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جینیفر لوپیز پر مصر میں قابل اعتراض پرفارمنس کرنے کا الزام

جی جی حدید کے علاوہ امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے پر بھی اجازت کے بغیر اپنی ہی تصاویر شیئر کرنے پر جرمانے کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

جینیفر لوپیز نے رواں برس ایلکس روڈ رگیوز سے منگی کی تھی—فوٹو: اے پی
جینیفر لوپیز نے رواں برس ایلکس روڈ رگیوز سے منگی کی تھی—فوٹو: اے پی

آریانا گرانڈے پر بھی رواں برس مئی میں ایک امریکی فوٹوگرافر نے اپنی ہی تصاویر شیئر کرنے پر مقدمہ دائر کیا تھا، فوٹوگرافر کا دعویٰ تھا کہ گلوکارہ کی تصاویر کے کاپی رائٹس ان کے پاس ہیں۔

فوٹوگرافر نے آریانا گرانڈے پر 25 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 38 لاکھ روپے سے زائد کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

آریانا گرانڈے پر بھی مقدمہ ہو چکا ہے — فوٹو: اے ایف پی
آریانا گرانڈے پر بھی مقدمہ ہو چکا ہے — فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024