ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 2.7ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو رواں سال 2 ارب 70 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ حال ہی میں ملک کے کنٹری آپریشنز بزنس 2022-2020 کے منصوبے کے تحت منظور شدہ قرض میں اوسطاً سالانہ بنیادوں پر 2 ارب 40 کروڑ ڈالر تک اضافہ کرے گا جس سے 2015 سے 2018 کے درمیان اس میں 1ارب 40 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
بینک نے اعلان کیا کہ وہ دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی رقم کو بھی پاکستان میں مشترکہ فنانسنگ اور فنڈنگ کے لیے استعمال کرے گا۔
پاکستان کے لیے آپریشنز بزنس پلان سے پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول اور دیگر شراکت داروں کی جانب سے ہونے والی کوششوں میں معاونت میں مدد ملے گی۔
منیلا میں قائم قرض فراہم کرنے والی ایجنسی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے اضافی 200ملین ڈالر کا قرض دینے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا مالی امداد کے حکومتی دعوے سے اظہارِ لاتعلقی
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 2013 میں بینک کی منظوری ملنے کے بعد سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد ساڑھے 8 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
اس سے قبل جولائی میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے آئندہ 5سال کے دوران پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے 10ارب ڈالر تک کے قرض کی منظوری دی تھی۔