• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

محض 3 روز میں 14 ارب روپے کمانے والا ’جوکر‘

شائع October 7, 2019
جوکر ایک سائنس فکشن کردار ہے جس پر پہلی بار مرکزی فلم بنائی گئی ہے—اسکرین شاٹ
جوکر ایک سائنس فکشن کردار ہے جس پر پہلی بار مرکزی فلم بنائی گئی ہے—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ کی سپر ولن سائیکالاجی تھرلر فلم ’جوکر‘ نے جہاں ریلیز سے پہلے ہی امریکا سمیت دنیا کے کئی ممالک کی حکومتوں کو خوف میں مبتلا کردیا تھا وہیں فلم نے ریلیز ہوتے ہی امریکا سمیت دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

یہ خیال تو پہلے ہی کیا جا رہا تھا کہ ’جوکر‘ نئے ریکارڈ بنانے اور کئی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوجائے گی اور اب فلم نے خیالات کو حقیقت میں بدل دیا۔

’جوکر‘ نے ریلیز کے پہلے تین دن یعنی ابتدائی ہفتے میں ہی صرف امریکا بھر سے 9 کروڑ 35 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 14 ارب روپے کی کمائی کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: خطرات کے باوجود ’جوکر‘ کی نمائش اور ریکارڈ کمائی

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ’جوکر‘ کی نمائش سے قبل ایف بی آئی سمیت امریکا کے دیگر سیکیورٹی اداروں نے انتباہ جاری کیا تھا اور خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فلم کی ریلیز کے موقع پر فائرنگ، قتل و غارت و تشدد کے واقعات ہو سکتے ہیں۔

فلم کو امریکا سمیت دنیا بھر میں 4 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا —اسکرین شاٹ
فلم کو امریکا سمیت دنیا بھر میں 4 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا —اسکرین شاٹ

امریکی سیکیورٹی اداروں نے یہ انتباہ اس لیے جاری کیا تھا کیوں کہ فلم کے مرکزی کردار ’جوکر‘ پر ماضی میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی ڈارک نائٹ رائزز‘ کی 2012 میں ریلیز کے دوران سینما گھر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

’دی ڈارک نائٹ رائزز‘ کی ریلیز کے پہلے ہی دن امریکا میں ایک سینما گھر کے اندر فائرنگ سے کم سے کم ایک درجن افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: جرائم کی دنیا پر راج کرنے والا 'جوکر'

یہ فلم ’ڈارک نائٹ ٹرائلوجی‘ کی آخری فلم تھی، جو معروف سائنس فکشن فلم ’بیٹ مین‘ سیریز کے کرداروں پر بنی فلم تھی۔

اگرچہ اس فلم کے بعد بھی ’جوکر‘ کو دیگر فلموں میں دکھایا گیا اور وہ آنے والی فلموں میں بھی دکھائی دیں گے، تاہم ’جوکر‘ اس کردار کی پہلی مرکزی فلم ہے جس وجہ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس کی ریلیز کے موقع پر امن و امان کے مسائل ہو سکتے ہیں، تاہم ایسا کچھ نہیں ہوا۔

فلم میں جوکر کو انتہائی سخت جرائم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
فلم میں جوکر کو انتہائی سخت جرائم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

یہ خیال بھی کیا جا رہا تھا کہ ’جوکر‘ ریلیز کے پہلے ہی ہفتے ریکارڈ کمائی کرے گی اور اندازے لگائے گئے تھے کہ فلم پہلے ہی ہفتے 9 کروڑ ڈالر کا بزنس کرے گی۔

تاہم فلم نے تجزیہ نگاروں کے اندازوں سے کہیں زیادہ کمائی کرتے ہوئے صرف امریکا بھر سے 9 کروڑ 35 لاکھ جب کہ دنیا بھر سے 14 کروڑ ڈالر کی کمائی کی۔

فلم نے ریلیز کے پہلے ہی 3 روز میں امریکا اور دنیا بھر سے مجموعی طور پر 23 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمائی کی جو پاکستانی 28 ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا 'جوکر' کا بھی سیکوئل بننے جارہا ہے؟

’جوکر‘ امریکا سے 9 کروڑ 35 ڈالر کمائی کے ساتھ اب تک کی وہ پہلی فلم بن گئی ہے جس نے ماہ اکتوبر میں اتنی ریکارڈ کمائی کی۔

اس فلم نے اپنی ہی پروڈکشن کمپنی کے تحت ریلیز ہونے والی فلم ’وینم‘ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جس نے پہلے ہی ہفتے 8 کروڑ ڈالر کمائے تھے۔

’جوکر‘ نے امریکا، یورپ، افریقہ، مشرق وسطیٰ و ایشیائی ممالک سے مجموعی طور پر 28 ارب روپے سے زائد کی رقم بٹوری۔

جوکر کردار کو پہلے بھی فلموں میں پیش کیا جا چکا ہے —اسکرین شاٹ
جوکر کردار کو پہلے بھی فلموں میں پیش کیا جا چکا ہے —اسکرین شاٹ

فلم میں 4 دہائیاں قبل 1980 کا زمانہ دکھایا گیا ہے اور فلم کی کہانی ایک اسٹینڈ اَپ کامیڈین کے گرد گھومتی ہے جو حالات و واقعات سے پریشان ہو کر جرائم کی دنیا میں قدم رکھتا ہے اور اس کے بعد پیش آنے والے واقعات لوگوں کو حیران و پریشان کر دیتے ہیں۔

فلم میں یہ تاثر بھی دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ جوکر دراصل ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہوتا ہے جس وجہ سے وہ جرائم کی دنیا کا رخ کرکے ایسے انوکھے جرائم کرتا ہے کہ دوسرے لوگ ڈر جاتے ہیں۔

فلم میں ’جوکر‘ کو ایک انتہائی چھپا ہوا مجرم دکھانے پر ہی یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس کردار کو چاہنے والے افراد اسی کردار کا روپ دھار کر فلم دیکھنے پہنچیں گے اور پھر کردار کی طرح بے قابو ہوکر امن و امان کا مسئلہ پیدا کردیں گے۔

’جوکر‘ کی ہدایات نوڈ فلپس نے دی ہیں جب کہ بریڈلی کوپر اور ٹوڈ فلپسکی نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم میں ’جوکر‘ کا کردار جوا کوائین فیونکس نے ادا کیا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں رابرٹ ڈی نیرو، زیزی بیٹس، بِل کیمپس، فراسنسزکونروئے اور بریٹ کولن سمیت کئی فنکار شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024