• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم نے احساس سیلانی لنگر اسکیم کا افتتاح کردیا

شائع October 7, 2019
وزیراعظم  نے کہا کہ جب لوگ بھوکے سوئیں تو ریاست میں بے برکتی آتی ہے — فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
وزیراعظم نے کہا کہ جب لوگ بھوکے سوئیں تو ریاست میں بے برکتی آتی ہے — فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان؟ آپ دیکھیں گے نیا پاکستان ایک فلاحی ریاست ہی ہوگا۔

اسلام آباد میں احساس سیلانی لنگر کی اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب تک ہمارے ملک میں روزگار کے حالات بہتر نہیں ہوتے ہم کوشش کریں گے کہ کوئی شخص بھوکا نہیں رہے۔

عمران خان نے سیلانی ٹرسٹ کو عوام کی فلاح و بہبود میں خدمات سرانجام دینے پر سراہا اور کہا کہ ہم نے غربت مٹاؤ احساس پروگرام کے تحت کے پہلے فیز میں 112 لنگر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کوئی بھی بھوکا نہ رہے اور اس لنگر کو ہر علاقے تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاستِ مدینہ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہم نے کمزور طبقے کی ذمہ داری لینی ہے، اس کے تحت اگر ریاست کے حالات برے ہوں اور پیسے نہ ہوں تو بھی ریاست کمزور لوگوں کا احساس کرتی ہے، پھر کامیابی اللہ دیتا ہے، ہم نے بھی اسی راستے پر چلنا ہے اور پھر ریاست میں اللہ برکت ڈالے گا۔

مزید پڑھیں: احساس پروگرام پاکستان کو فلاحی ریاست بنائے گا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک کے برے حالات کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ پچھلے 30 سالوں سے غریب، غریب ہوتا جارہا ہے اور امیر، امیر ہوتا جارہا ہے، مہنگائی کرکے سارا ٹیکس غریب لوگوں سے اکٹھا کیا جاتا ہے لیکن امیر لوگ ٹیکس نہیں دیتے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم کاروباری طبقے کی مدد اس لیے کریں گے تاکہ وہ پیسہ دیں اور اس سے ٹیکس جمع کرکے ہم غریب طبقے پر خرچ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کاروباری طبقے کی مدد کررہے ہیں کبھی کسی حکومت نے کاروباری افراد کی اس طریقے سے مدد نہیں کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریاست کی جدوجہد ہے کہ ہم نچلے طبقے کو اٹھانے کے لیے مزید اقدامات کریں، ہم نوجوانوں کو قرضے دے رہے ہیں، خواتین کے لیے ایک الگ پروگرام بنایا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ دیکھیں گے کہ نیا پاکستان ایک فلاحی ریاست ہی ہوگا جو ابھی تک نہیں ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوگوں میں صبر نہیں ہوتا، ابھی صرف 13 مہینے ہوئے ہیں اور لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان؟ ریاست مدینہ پہلے دن نہیں بنی تھی جدوجہد شروع ہوئی تھی، آہستہ آہستہ لوگ اور ان کے ذہن تبدیل ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سماجی تحفظ کے لیے بجٹ دگنا کرنے کا فیصلہ

عمران خان نے کہا کہ یہ ملک بھی بدلے گا، تبدیلی آئے گی اور جب ہم اپنے کمزور طبقے کی مدد کریں گے تو ریاست میں برکت آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ہسپتال اور پولیس کے نظام میں اصلاحات لارہے ہیں تاکہ عوام پر ظلم نہ ہو اور عام آدمی کی زندگی بہتر ہو۔

انہوں نے کہا کہ جب لوگ بھوکے سوئیں گے تو ریاست میں بے برکتی آتی ہے، جب تک روزگار کے حالات بہتر نہیں ہوں گے لنگر کو ہر علاقے تک توسیع دی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024