ملیحہ لودھی کو عہدے سے برطرف نہیں کیا گیا، دفتر خارجہ
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی کامیابی پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابقہ مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی خدمات کو سراہا اور ان کی برطرفی کی رپورٹس کو مسترد کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ’ ملیحہ لودھی اپنی مدت ملازمت پوری کرچکی تھیں‘۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کی تبدیلی کی وجوہات سے متعلق بڑھتے ہوئے شکوک و شبہات کے ردعمل میں مذکورہ ٹوئٹ کیا۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم پاکستان کے مستقل مندوب مقرر
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے وزیراعظم کی واپسی کے چند روز بعد اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو ہٹا کر ان کی جگہ سابق سفیر منیراکرم کو تعینات کیا گیا۔
یہ تبدیلی اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک میں سفیروں کی بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلوں کا حصہ تھی۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ’ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو کسی وجہ سے عہدے سے ہٹایا گیا‘۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جیسا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ’ ملیحہ لودھی نے پرُعزم طریقے سے پاکستان کے لیے خدمات انجام دیں اور محنت اور لگن کے ساتھ وزیراعظم کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے کامیاب دورہ ترتیب دیا۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے تقریبا ساڑھے 4 برس تک اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: خبردار کرتا ہوں! اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلائے، وزیراعظم
منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کرنے کے اعلان کے بعد ملیحہ لودھی نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے کامیاب دورے کے بعد میں نے آگے بڑھنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر منیر اکرم کی تعیناتی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا تھا کہ ملیحہ لودھی اپنی مدت پوری کر چکی تھیں، منیر اکرم فارن سروس کے معزز رکن رہے ہیں اور ان کی کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔