انسٹاگرام میں صارفین کو آن لائن بدزبانی سے بچانے والا فیچر متعارف
فیس بک کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے صارفین کو آن لائن ہراساں اور بدزبانی سے بچانے کے لیے کوششوں کو توسیع دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس مقصد کے لیے نیا فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرادیا ہے۔
چند ماہ پہلے انسٹاگرام نے رسٹرکٹ نامی ٹول کی آزمائش صارفین کی محدود تعداد میں شروع کی تھی اور اب یہ ہر ایک کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔
یہ فیچر صارفین کے اکاﺅنٹ کو غیرضروری رابطے سے تحفظ اور خاموشی سے ہراساں کرنے والے افراد کو فلٹر کرنے میں مدد دیتا ہے۔
رسٹرکٹ (restrict)میں آپ اپنی پوسٹ میں مخصوص افراد کو کمنٹ کرنے سے روک سکتے ہیں بلکہ یوں کہہ لیں انہیں آگاہ کیے بغیر بلاک کرسکتے ہیں۔
یہ فیچر ایسے افراد کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے جن کو اکثر آن لائن بدزبانی یا ہراساں ہونے کا تجربہ ہوتا ہے اور یہ بنیادی طور پر بلاکنگ اور کچھ نہ کرنے کے درمیان کا سمجھا جاسکتا ہے۔
انسٹاگرام کے مطابق یہ نیا ٹول ایسے افراد کے لیے ہیں جو مسائل کا باعث بننے والے کسی فرد کو بلاک کرنے یا اس کو رپورٹ کرنے سے گھبراتے ہیں۔
اس فیچر کے تحت جب کسی کو رسٹرکٹ کیا جاتا ہے تو اس کا کمنٹ بس صرف آپ اور وہ ہی دیکھ پاتا ہے (اگر آپ اسے پبلک نہ کردیں تو)، مگر بلاک کرنے کے برعکس جب کسی کو رسٹرکٹ کیا جاتا ہے تو اسے معلوم نہیں ہوپاتا کہ اس کے کمنٹس کی آپ اسکریننگ کررہے ہیں۔
اسی طرح رسٹرکٹ کیا جانے والا فرد یہ بھی نہیں دیکھ سکتا کہ آپ انسٹاگرام پر کب ایکٹیو ہیں یا اس کے ڈائریکٹ میسجز کو پڑھ رہے ہیں۔
اس مقصد کے لیے اس فرد کے کسی ایک کمنٹ پر بائیں جانب سوائپ کریں، براہ راست کرنے کے لیے پروفائل پیج پر جائیں یا سیٹنگز میں پرائیویسی ٹیب کو اوپن کرکے رسٹرکٹ کو کسی مخصوص فرد کے لیے ان ایبل کردیں۔
اگر آپ کسی رسٹرکٹ اکاﺅنٹ کا کمنٹ اپروو کرنا چاہتے ہیں تو سی کمنٹ پر کلک کریں۔
اسی طرح ایسے صارفین کا ڈائریکٹ میسج براہ راست میسج ریکوئسٹ ان باکس میں چلاجائے گا اور آپ کو کوئی نوٹیفکیشن نہیں ملے گا۔