'کیا حرا کو آپ کی پہلی شادی سے متعلق معلوم تھا؟'
سلمان ثاقب شیخ جو مانی کے نام سے مشہور ہیں اور ان کی اہلیہ نامور اداکارہ حرا کی جوڑی کو پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی بہترین اور کامیاب جوڑی مانا جاتا ہے۔
یہ دونوں ہی عموماً ایک دوسرے کے ساتھ نہایت رومانوی انداز میں نظر آتے جبکہ سوشل میڈیا پر اکٹھے اپنی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہتے ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان کی زندگی کا ایک ایسا راز بھی ہے، جو کسی کو اب تک معلوم نہیں تھا تاہم اتنے سالوں بعد مانی نے آخر کار دنیا کے ساتھ یہ راز فاش کردیا۔
حال ہی میں مانی، میزبان و اداکارہ شائستہ لودھی کے شو گپ شپ ود شائستہ میں مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔
اس موقع پر اداکار نے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر سمیت کئی انکشافات کیے اور مداحوں کو حیران کردیا۔
مانی نے اپنی اہلیہ حرا سے شادی کرنے کے حوالے سے کہا کہ 2008 میں اگر ان کے چھوٹے بھائی کی شادی نہ ہورہی ہوتی تو شاید وہ اس وقت بھی حرا سے شادی نہ کرتے کیوں کہ وہ ہمیشہ شادی کے خیال سے بھی دور بھاگے۔
اداکار نے بتایا کہ جب وہ حرا سے ملے تو انہیں ایسا محسوس ہوا کہ ان کے سامنے کوئی آئینہ آگیا ہے کیوں کہ حرا بالکل ان کی ہی جیسی ہیں۔
ایک موقع پر شائستہ لودھی نے مانی سے سوال کیا کہ کیا حرا کو ان کی دوسری شادی کا معلوم ہے؟
اس پر مانی کا کہنا تھا کہ 'نہیں حرا میری دوسری شادی کے بارے میں نہیں جانتی، اگر وہ جانتی ہوتی تو وہ مجھ سے کبھی شادی نہیں کرتی'۔
مانی کا کہنا تھا کہ 'میں نے اپنی پہلی شادی کو 10 سال تک چھپایا لیکن پھر میری پہلی اہلیہ اور میرا بیٹا نئیر ایک دن ہمارے گھر آگئے اور مجھ سے پیسوں کا مطالبہ کرنے لگے اور اس وقت حرا کو میری پہلی شادی کی حقیقت کے بارے میں معلوم ہوا'۔
البتہ مانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حرا کا دل بہت بڑا ہے، اس نے کہا کہ نئیر کو گھر لاؤ وہ اس کے لیے اس کے اپنے بچوں جیسا ہے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ اب ان کی پہلی شادی ختم ہوچکی ہے، البتہ شکر ادا کیا کہ اس وقت انٹرنیٹ کا اس طرح استعمال نہیں تھا ورنہ ان کی شادی کی خبریں بھی ٹی وی پر آجاتیں۔
تاہم اداکار نے ہنستے ہوئے بتایا کہ وہ اور شائستہ یہ ایک فرضی کہانی بیان کررہے ہیں اور اگر ان کی ایسی شادی ہوئی ہوتی تو انسان تو کیا جانور کو بھی معلوم ہوتا۔
کیریئر کے حوالے سے مانی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ حرا اور مانی کی شادی 2008 میں ہوئی تھی، اس وقت حرا صرف 19 سال کی تھیں۔