• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کراچی: ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا طویل انتظار ختم

شائع September 30, 2019
پہلا میچ شہر قائد میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا—تصویر:ڈان اخبار
پہلا میچ شہر قائد میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا—تصویر:ڈان اخبار

کراچی میں بین الاقوامی ایک روزہ کرکٹ کی بحالی کا انتظار جو بارشوں کی وجہ سے مزید طویل ہوگیا تھا آج پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والے ون ڈے میچ سے اختتام پذیر ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 3 روزہ ون ڈے سریز کا آغاز 27 ستمبر جمعے کے روز ہونا تھا تاہم پہلا میچ شہر قائد میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔

بارش کے باعث گراؤنڈ میں جگہ جگہ پانی بھرنے کی وجہ سے اس بات کا امکان تھا کہ آؤٹ فیلڈ اگلے میچ کے لیے بھی تیار نہیں ہوسکے گی چنانچہ اتوار کے روز ہونے والے میچ کو ملتوی کر کے پیر کو کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش: پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ون ڈے میچ منسوخ

خیال رہے کہ کراچی کا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم 10 سال بعد کسی عالمی ایک روزہ میچ کی میزبانی کرے گا جس کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوگا اس میچ کے لیے دونوں ٹیمز نے اتوار کے روز پریکٹس کی۔

پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ جمعہ کے میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹ 30 ستمبر یا 2 اکتوبر کو ہونے والے میچ کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے جبکہ شائقین 29 ستمبر کے میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹ بھی 30 ستمبر یا دو اکتوبر کے میچ میں استعمال کر سکتے ہیں۔

پی سی بی کی پالیسی کے تحت جن افراد نے اتوار کے میچ کے ٹکٹ لیے ہیں اور اگر وہ پیر کو میچ نہیں دیکھ سکے تو انہیں ان کی رقم مکمل طور پر واپس کی جائے گی۔

کراچی میں بین الاقوامی ایک روزہ کرکٹ کی واپسی

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد پاکستان کو اپنی تمام ڈومیسٹک انٹرنیشنل سیریز بیرون ملک کھیلنی پڑی تھیں۔

اس حملے میں خوش قسمتی سے کوئی بھی کھلاڑی ہلاک نہیں ہوا تھا لیکن حملے کے نتیجے میں متعدد کھلاڑی اور میچ آفیشلز زخمی ہو گئے تھے جبکہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 8 جوان شہید بھی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ اتوار کو نہیں ہوگا

6 سال بعد یہ جمود اس وقت ٹوٹا جب 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور یہ تمام میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔

اس کے بعد پاکستان سپر لیگ کے میچز کے کامیاب انعقاد کی بدولت 2017 میں ورلڈ الیون کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ اُسی سال ایک ٹی20 میچ کے لیے سری لنکن ٹیم بھی پاکستان آئی تھی۔

گزشتہ برس پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی تین ٹی 20 میچز کے لیے کامیابی سے میزبانی کی تھی جس سے ایک مرتبہ پھر دنیا کو مثبت پیغام گیا۔

حالیہ سیریز کے لیے پاکستان ابتدائی طور پر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کا ملک میں انعقاد کا خواہاں تھا تاہم بعدازاں دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے پاکستان میں انعقاد پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی 10 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کیلئے تیار

پاکستان نے میچز کے لیے بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں اور ٹیم کے ہوٹل اور اسٹیڈیم کے درمیان ساڑھے 4 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ صرف اسٹیڈیم کے احاطے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد فوجی اہلکار اور پولیس کے جوان ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024