ماہرہ خان پیرس فیشن ویک کے ریمپ پر جلوہ گر
پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان گزشتہ چند دن سے فرانس کے شہر پیرس میں موجود ہیں اور وہاں انہوں نے پیرس فیشن ویک میں پاکستان کی نمائندگی ریمپ پر کی۔
گزشتہ دنوں پیرس فیشن ویک کا حصہ بننے پر ماہرہ خان نے ایک بیان میں کہا 'گزشتہ سال اپنے ملک کی کانز فیسٹیول میں نمائندگی کرنا ایک یادگار اور بہترین تجربہ تھا، اس سال میں پیرس فیشن ویک میں پاکستان کی نمائندگی کررہی ہوں اور اس کے لیے بےحد پرجوش ہوں، مجھے خوشی ہے کہ اس فیشن ویک میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع مجھے ملا، یہ فیشن کا سب سے بڑا ایونٹ ہے'۔
ماہرہ خان پیرس فیشن ویک میں میک اپ برانڈ لورئیل پاکستان کی سفیر کے طور پر شریک ہوئیں جبکہ انہوں نے ریمپ میں لورئیل کے میک اپ کے لیے دنیا سے گزر جانے والے فیشن آئیکون کارل لیگرفیلڈ کی پراڈکٹ کی نمائندگی کی۔
دونوں کمپنیوں میں یہ اشتراک 'راک چک' میک اپ کلیکشن کے لیے ہوا تھا۔
ڈارک انک آنکھیں اور راک اینڈ رولا اسٹائل کے بالوں کے ساتھ ماہرہ خان بالکل مختلف نظر آئیں۔
ماہرہ نے پرنس اسٹائل سفید قمیض اور لیدر جیکٹ بھی زیب تن کی۔
وہاں انہوں نے پاپ سنگر کامیلا کیبیلو سے بھی ملاقات کی۔
جبکہ شو کے اختتام پر ہیلن میرین کے ساتھ بھی اچھا وقت گزارا۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان کو گزشتہ سال پاکستان میں میک اپ برانڈ لورئیل کا برانڈ امبیسڈر بنایا گیا تھا۔
اس کے بعد وہ گزشتہ سال کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر لوریئل کی جانب سے جلوہ گر ہوئیں، البتہ اس سال ماہرہ کانز کا حصہ نہیں بن پائیں تھی۔
اس حوالے سے لوریئل سے قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ ماہرہ خان کو رواں سال کچھ وجوہات کے باعث کانز میں نہیں بھیجا گیا، البتہ وہ سال لوریئل کی جانب سے پیرس فیشن ویک کا حصہ ضرور بنیں گی۔