پاکستان میں مارننگ شوز کے دوران نت نئے آئیڈیاز متعارف کرانے سے شہرت حاصل کرنے والی میزبان و اداکارہ ڈاکٹر شائستہ لودھی نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک ٹی وی کی دنیا پر راج کیا۔
شائستہ لودھی نے ’گڈ مارننگ اور اٹھو جاگو پاکستان‘ سمیت دیگر شوز کی میزبانی کی اور ان شوز میں نت نئے ٹرینڈز کو متعارف کروا کر شوز کی ریٹنگ کو بڑھایا۔
ان کی دیکھا دیکھی دیگر ٹی وی چینلز کے مارننگ شوز میں بھی نت نئے ٹرینڈز دکھائے جانے لگے اور معاملہ ہر گزرتے دن بگڑتا ہی گیا۔
ماضی میں شائستہ لودھی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے اس بات کو تسلیم کیا تھا کہ وہ ہی پاکستان میں مارننگ شوز میں نت نئے ٹرینڈز متعارف کروانے اور ریٹنگ کی ذمہ دار ہیں اور اب انہیں یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔
اگرچہ پاکستان میں آج بھی بڑی تعداد میں شائستہ لودھی کے مداح موجود ہیں اور وہ سوشل میڈیا سمیت آن لائن ویب اسٹریمنگ یوٹیوب پر بھی شو کرتی دکھائی دیتی ہیں لیکن وہ اب کسی ٹی وی چینل پر شو کرتی نہیں دکھائی دیتیں۔
شائستہ لودھی کو تقریباً گزشتہ ڈیڑھ سال سے کسی بھی ٹی وی شو کی میزبانی کرتے نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی انہیں بطور اداکارہ کسی ڈرامے میں دیکھا گیا، البتہ انہیں ان دنوں شوز میں بطور مہمان دیکھا گیا۔
رواں برس کے آغاز میں شائستہ لودھی کے حوالے سے خبر آئی تھی کہ انہوں نے غیر اعلانیہ طور پر مارننگ شوز اور شوبز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تاہم اب انہوں نے شوبز کو چھوڑنے کے حوالے سے پہلی مرتبہ وضاحت کی ہے۔
ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ’روائنڈ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شائستہ لودھی نے نہ صرف شوبز چھوڑنے کے حوالے سے وضاحت کی بلکہ انہوں نے شوبز کی دنیا کے حوالے سے انکشافات کرکے سب کو حیران بھی کیا۔
شائستہ لودھی نے شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسے ’چمکتی دنیا‘ قرار دیا اور کہا کہ اب یہ صحیح نہیں لگے گا کہ وہ شوبز کے حوالے سے کچھ غلط کہیں، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ شوبز کی دنیا انہیں مصنوعی لگتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شائستہ لودھی کا مارننگ شو سے ڈرامے تک کا سفر
انہوں نے اعتراف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں آنے کے 2 سال بعد ہی انہیں احساس ہوگیا تھا کہ وہ غلط جگہ پر آ گئی ہیں اور یہ دنیا صرف چمک کی دنیا ہے، جہاں ہر چیز مصنوعی ہے۔
انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ شوبز کی وجہ سے وہ اپنے خاندان کو مناسب وقت نہیں دے پا رہی تھیں اور ان کی زندگی متاثر ہو رہی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 10 سے 12 سال تک شوبز میں کام کیا، جہاں انہوں نے خوب شہرت اور پیسہ بنایا لیکن اب اسے چھوڑنے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں اور نہ ہی انہیں اب شوبز انڈسٹری میں کوئی چمک محسوس ہوتی ہے۔
پروگرام کے دوران شائستہ لودھی نے اپنے بچپن، کالج کے زمانے اور ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔
مزید پڑھیں: شائستہ لودھی نے شادی کرلی؟
ان کا کہنا تھا کہ انہیں لڑکپن اور کالج کے زمانے میں شاعری کرنے اور ڈائری لکھنے کا شوق تھا اور وہ اتفاقیہ طور پر شوبز انڈسٹری کا حصہ بنیں۔
انہوں نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے ریڈیو پر کیریئر کا آغاز کیا اور وہ تقریباً 9 ماہ تک تنخواہ کے بغیر ایف ایم پر کام کرتی رہیں جس کے بعد انہوں نے ’انڈس ٹی وی‘ پر بطور نیوز کاسٹر کیریئر کا آغاز کیا۔
شائستہ لودھی کا کہنا تھاکہ انڈس نیوز میں ایک ہفتے تک خبریں پڑھنے کے بعد انہیں شو کرنے کا کہا گیا اور پھر وہ باقاعدہ طور پر شو کی میزبان بن گئیں اور شوز میں نت نئے ٹرینڈز متعارف کروائے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ شوبز میں ایک دہائی تک رہنے اور انتہائی اہم وقت میں شوز کرنے کے باوجود انہوں نے کوئی اچھی روایات متعارف نہیں کروائیں اور ان کے پاس موقع تھا کہ وہ اچھی روایات متعارف کروائیں۔
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے بھی پردہ اٹھایا اور کہا کہ ان کی پہلی اور دوسری شادی والدین کی رضامندی سے ہوئی۔
شائستہ لودھی کا یہ انٹرویو ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ وہ کراچی میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ پارکس کی بحالی کے لیے کام کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
شائستہ لودھی کراچی میں خستہ حال پارکس اور صفائی کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں اور انہیں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر پارکس کی بحالی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ شائستہ ٹی وی پر نظر نہیں آتیں، تاہم وہ یوٹیوب پر اپنے چینل کے ذریعے شوبز شخصیات کے انٹرویو کرتی ہیں۔
شائستہ لودھی نے شوبز چھوڑنے کے بعد طب کے پیشے کو بھی اپنایا ہے اور وہ بطور ایک ڈاکٹر اپنا کلینک بھی چلاتی ہیں۔
تبصرے (4) بند ہیں