اسلام آباد میں غیرت کے نام پر بہن اور اس کا ’ساتھی‘ قتل
اسلام آباد کے نواحی علاقے میں ایک شخص نے اپنی بہن اور اس کے ساتھ موجود ایک شخص کو مبینہ طور غیرت کے نام پر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق قتل کا یہ واقعہ فیض آباد کے قریب آئی جے پرنسپل روڈ کے نزیک پیش آیا جہاں مذکورہ شخص نے مقتول مرد و خاتون کو روک کر ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آس پاس موجود لوگوں نے فوراً فائرنگ کرنے والے کو پکڑا اور اطلاع ملنے پر جائے واردات پر پہنچنے والی پولیس ٹیم کے حوالے کردیا۔
رپورٹس کے مطابق وقوعہ کے بعد دونوں زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا لیکن ہسپتال میں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: غیرت کے نام پر جوڑے کا قتل
اس سلسلے میں انڈسٹری ایریا پولیس تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کا کہنا تھا کہ مقتولین اور ملزم کا تعلق پشاور کے قریبی گاؤں سے ہے۔
بعدازاں پولیس کے تفتیش کرنے پر ملزم نے بتایا کہ اس کی بہن شادی شدہ اور 3 بچوں کی ماں تھی جو ایک شخص کے ساتھ کشمیر فرار ہوگئی تھی جہاں وہ کچھ عرصہ رہے۔
ملزم نے دونوں مقتولین کا کشمیر سے پیچھا کیا اور فیض آباد پہنچ کر انہیں جالیا جہاں اس نے ان دونوں پر فائرنگ کی۔
ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے جوڑا بدھ کے روز اسلام آباد پہنچا تھا اور فیض آباد میں مسافر بس سے اتررہا تھا جہاں ملزم نے ان پر فائرنگ کردی۔
مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر شوہر نے بیوی سمیت 9 سسرالیوں کو قتل کردیا
اس سے قبل کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کردیا تھا، مقتولہ گھریلو ملازمہ تھی جبکہ شوہر بے روزگار تھا۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے قائد آباد میں ایک شخص نے اپنی 18 سالہ بہن اور پڑوسی کو فائرنگ کر کے غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔
اسی طرح رواں برس مئی میں خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں ایک شخص نے اپنی بیٹی اور اہلیہ سمیت 3 افراد کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔