• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے سرفراز کپتان برقرار، بابر نائب کپتان مقرر

شائع September 13, 2019 اپ ڈیٹ September 19, 2019
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو سرفراز احمد کا نائب مقرر کردیا— فائل فوٹو: اے پی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو سرفراز احمد کا نائب مقرر کردیا— فائل فوٹو: اے پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے نوجوان بلے باز بابر اعظم کو ان کا نائب مقرر کردیا ہے۔

لاہور میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے نومنتخب ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو قیادت کے منصب پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا اور بابر اعظم کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کردیا۔

احسان مانی نے کہا کہ امید ہے کہ کپتان سرفراز احمد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کرائیں گے۔

احسان مانی نے بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب دیکھنا ہے کہ نائب کپتان کی حیثیت سے بابر اعظم دباؤ میں کس طرح کھیلتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد سرفراز احمد کی قیادت کا جائزہ لیں گے اور اس کو مدنظر رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کپتانی کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین نے کہا کہ دورہ سری لنکا کے لیے ٹیم مینجر کا فیصلہ ہوگیا ہے لیکن اعلان ایک دو روز میں کیا جائے گا تاہم بیٹنگ کوچ مصباح الحق ہی ہوں گے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے حوالے سے سوال پر احسان مانی نے کہا کہ ان کی جانب سےکوئی منفی پیغام نہیں ملا، سری لنکا نے یہ نہیں کہا کہ وہ پاکستان بالکل نہیں آئیں گے، سری لنکن بورڈ صرف اپنی حکومت سے اجازت چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم آئےگی اور تمام میچزپاکستان میں ہوں گے کیونکہ سیریز کے لیے متبادل وینیو کے انتظام کا اب وقت نہیں ہے۔

مہمان ٹیم میں سینیئر کھلاڑی نہ آنے کے سوال پر احسان مانی نے کہا کہ ہر بورڈ کی مرضی ہوتی ہے کہ وہ کون سے کھلاڑی چنتی ہے لیکن جن سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کیا، انہیں سری لنکن بورڈ نے لیگ کے لیے این او سی جاری نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کےخلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان 23ستمبر کو کیا جائے گا۔

اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ شرجیل خان کے حوالے سے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شرجیل کافی عرصے سے کرکٹ سے دور ہیں لیکن اگر وہ کھیلیں گے تو ان کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں۔

اس موقع پر ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ مصباح نے کہا کہ سرفراز 3سال سے کپتانی کر رہے ہیں اور جس طرح وہ کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں ٹی20 اور ون ڈے کے لیے کپتان برقرار رکھا جائے۔

عمر اکمل اور احمد شہزاد کے فٹنس ٹیسٹ لیے جانے کے حوالے سے سوال پر مصباح نے واضح کیا کہ صرف 2 کھلاڑیوں کے نہیں بلکہ کافی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی کبھار کپتان کو حوصلہ چاہیے ہوتا ہے کیونکہ صرف کپتان کو ٹیم کی کارکردگی کا قصوروار قرار دینا درست نہیں بلکہ کپتان کےعلاوہ دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی دیکھنی چاہیے۔

انہوں نے کپتان اور نائب کپتان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل نہیں لیکن امید ہے کہ سرفراز کی کارکردگی بہتر ہو گی تو ٹیم کی کارکردگی بہتر ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024