• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm

ماڈل و اداکارہ صوفیا مرزا پر بھی منی لانڈرنگ کا الزام

شائع September 6, 2019
ماڈل نے منی لانڈرنگ کے الزامات کو مسترد کردیا —فوٹو: انسٹاگرام
ماڈل نے منی لانڈرنگ کے الزامات کو مسترد کردیا —فوٹو: انسٹاگرام

وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف آئی اے‘ نے معروف اداکارہ و ماڈل صوفیا مرزا کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش شروع کردی۔

گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ صوفیا مرزا کے خلاف ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں لیکن اداکارہ نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

سوشل میڈیا پر خبریں سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے ٹوئٹر پر اپنی دو ویڈیوز میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف کسی طرح کی کوئی بھی تفتیش نہیں کی جا رہی بلکہ ان کے خلاف جھوٹی اور پروپیگنڈا کے تحت خبریں چلائی جا رہی ہیں۔

صوفیا مرزا نے ویڈیوز میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف ان کے سابق شوہر عمر فاروق ظہور کے کہنے پر جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جو ان کی دو بیٹیوں کے اغوا میں ملوث ہے۔

اداکارہ و ماڈل کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کے سابق شوہر ہی پروپیگنڈا کے تحت جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں اور ساتھ ہی ماڈل نے ایسی خبریں پھیلانے والے سوشل میڈیا پیجز اور صارفین کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر ونگ میں شکایت درج کروادی ہے۔

اداکارہ نے ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ان کا سابق شوہر نہ صرف ان کی بیٹیوں کے اغوا میں ملوث ہے بلکہ وہ پاکستان سمیت یورپی ملک ناروے میں بھی پولیس اور تفتیشی اداروں کو مطلوب ہے۔

اداکارہ نے لوگوں سے درخواست کی کہ ان کے خلاف جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔

تاہم اب ایف آئی اے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اداکارہ کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایف آئی اے نے ڈان کو بتایا کہ صوفیا مرزا کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کیس منتقل کیے جانے کے بعد تفتیش شروع کی گئی۔

اداکارہ کے مطابق ایف آئی اے میرے خلاف نہیں میری شکایت پر دوسروں کی تفتیش کرے گی —فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق ایف آئی اے میرے خلاف نہیں میری شکایت پر دوسروں کی تفتیش کرے گی —فوٹو: انسٹاگرام

ایف آئی اے نے کیس کی مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا، تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ صوفیا مرزا کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش شروع کردی گئی۔

خیال رہے کہ صوفیا مرزا سے قبل ماڈل ایان علی پر بھی منی لانڈرنگ کا مقدمہ چلایا گیا تھا اور اس مقدمے نے ملکی سیاست میں ہلچل بھی مچادی تھی۔

ایان علی کو منی لانڈرنگ کیس میں کئی ماہ تک جیل میں بھی قید رہنا پڑا تھا اور اب بھی ان کے خلاف یہ کیس جاری ہے جبکہ انہوں نے ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

یاد رہے کہ ضمانت حاصل کرنے کے بعد ایان علی بیرون ملک چلی گئی تھیں اور وہ متعدد مرتبہ عدالت کے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئیں۔

ایان علی ضمانت حاصل کرنے کے بعد بیرون ملک چلی گئی تھیں—فوٹو: فیس بک
ایان علی ضمانت حاصل کرنے کے بعد بیرون ملک چلی گئی تھیں—فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024