• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے

شائع September 3, 2019 اپ ڈیٹ September 4, 2019
سعودی سفارتخانے کے مطابق عادل الجبیر اپنے ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور آرمی چیف سے اہم ملاقاتیں کریں گے — فائل فوٹو/دفتر خارجہ
سعودی سفارتخانے کے مطابق عادل الجبیر اپنے ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور آرمی چیف سے اہم ملاقاتیں کریں گے — فائل فوٹو/دفتر خارجہ

اسلام آباد: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ پاکستان کے دورے پر آج (بدھ) کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

دونوں وزرائے خارجہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران یہاں کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

بیان میں بتایا گیا کہ سعودی وزیرخارجہ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات ہوگی۔

مزید پڑھیں: سعودی وزیر خارجہ کی پاک ۔ بھارت مسائل کے پرامن حل کیلئے تعاون کی یقین دہانی

سفارتخانے کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ پاکستانی رہنماؤں سے ملاقات میں دوطرفہ امور کے علاوہ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دریں اثنا سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے فون پر پاک-سعودی تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور اب تک کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد دونوں سربراہان کا یہ تیسرا رابطہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا سعودی ولی عہد کو تیسری مرتبہ فون، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

دونوں رہنماؤں نے پہلے 7 اگست اور پھر اس کے بعد 27 اگست کو ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 7 مارچ کو سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرنے کے لیے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر اہم دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں انہوں نے پاکستانی رہنماؤں سے پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔

یو اے ای کے وزریر خارجہ کا دورہ

دوسری جانب سفارتی ذرائع کے مطابق یو اے ای کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان بھی آج پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ پاکستان میں یہاں کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ اماراتی وزیر خارجہ کا دورہ بھی ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے کی مجموعی صورتحال بھارت کی جانب سے 5 اگست کے اقدامات کے باعث کشیدہ ہے۔

تاہم یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی جاری صورتحال کے دوران ہی 24 اگست کو متحدہ عرب امارات نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو اپنے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد بن زید النہیان نے نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور انہیں امارات کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’آرڈر آف زیاد‘ سے نوازا تھا جبکہ اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’آپ (ایوارڈ) کے حقدار ہیں‘۔

بعد ازاں پاکستان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات یا کسی بھی ملک کو اپنی مرضی سے کسی بھی ملک کے ساتھ باہمی تعلقات قائم کرنے کا حق حاصل ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیے جانے پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ 'بین الاقوامی تعلقات مذہبی جذبات سے بالاتر ہوتے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان سرمایہ کاری کے حوالے سے تعلقات کی تاریخ ہے تاہم میں جلد یو اے ای کے وزیر خارجہ سے ملاقات کروں گا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کے حالات کے حوالے سے بتاؤں گا'۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024