• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی میں ایک مرتبہ پھر بارش کے بعد شدید ٹریفک جام

شائع September 2, 2019
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق رواں برس مون سون 30 ستمبر تک جاری رہے گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق رواں برس مون سون 30 ستمبر تک جاری رہے گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں بارشوں کا سلسلہ طویل ہوگیا ہے جہاں مسلسل دوسرے روز مختلف اوقات میں بارش ہوئی جس کے نتیجے میں شہر میں جاری حبس کا زور ٹوٹ گیا جبکہ بجلی کے تعطل اور ٹریفک جام کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہوگئے۔

کراچی کے علاقے کورنگی، لانڈھی، صدر، گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ، شاہراہ فیصل سمیت مختلف مقامات پر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے۔

بارش کے بعد متعدد علاقے ایک مرتبہ پھر زیر آب آگئے جبکہ ڈیفنس، قیوم آباد، کورنگی اور اطراف میں خواتین اور بچوں سمیت شہری گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے، اس دوران ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی میدان سے غائب رہے۔

اس کے علاوہ شاہراہ فیصل، ٹیپو سلطان روڈ، نارتھ ناظم آباد، سخی حسن اور ناگن چورنگی سمیت دیگر کئی علاقوں میں شدید ٹریفک جام رہی۔

شہر قائد کے متعدد علاقوں میں بارش کے بعد بجلی بھی غائب ہوگئی تاہم آج ہونے والی بارش کے بعد کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید ابر رحمت کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شہر میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ بارش برسانے والا نیا سسٹم بحیرہ عرب اور بھارتی ریاست گجرات پر ابھی بھی موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کی وجہ سے کراچی میں آئندہ 2 روز تک شدید گرمی اور حبس رہے گا۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ آج اور کل بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بارش برسانے والا سسٹم منگل تک شہر میں موجود رہے گا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں وقفے وقفے سے بارش، نشیبی علاقے زیرآب، ایک شخص جاں بحق

کراچی میں آئندہ ہفتے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ 3 سے 4 روز میں کراچی میں ایک اور بارش برسانے والا سسٹم آرہا ہے جو پہلے سے زیادہ طاقتور ہوسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مرتبہ شہر قائد میں مون سون کا سیزن رواں ماہ 30 ستمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اس وقت مون سون کا تیسرا اسپیل موجود ہے جو وقفے وقفے سے برس رہا ہے جبکہ کراچی کے مخلتف مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے اب تک ہونے والے بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کردیے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا آپ نے بھی بارش کا اتنا ہی لطف اٹھایا جتنا کہ ان ستاروں نے؟

مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 2 روز کے دوران شہر قائد کے علاقے سرجانی میں سب سے زیادہ 40.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ نارتھ کراچی میں 38.7 ملی میٹر، صدر میں 25 ملی میٹر، ناظم آباد میں 18.5 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس اور جناح ٹرمینل پر 16 ملی میٹر، ایم او ایس پر 13 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر اور ماڈل کالونی میں 7 جبکہ مسرور ایئر بیس پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کلفٹن میں 14.7 اور کیماڑی میں 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد علاقوں سے بجلی بھی غائب ہوگئی جبکہ کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں کم از کم 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024