• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارت کا یکطرفہ اقدام ہے، او آئی سی

شائع August 31, 2019
او آئی سی نے مقبوضہ وادی کی صورت حال پر تحفظات کا اظہار کردیا—فائل فوٹو: عرب نیوز
او آئی سی نے مقبوضہ وادی کی صورت حال پر تحفظات کا اظہار کردیا—فائل فوٹو: عرب نیوز

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وادی میں فوری طور پر کرفیو ہٹانے، مواصلاتی نظام بحال کرنے اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دینے کا مطالبہ کردیا۔

او آئی سی سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل سیکریٹریٹ نے 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو یکطرفہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ فیصلے کے بعد کی صورت حال پر تحفظات ہیں۔

جنرل سیکریٹریٹ نے مسئلہ کشمیر کا حتمی حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کو قرار دیا۔

مزید پڑھیں: او آئی سی کا کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش

جموں و کشمیر پر او آئی سی سربراہی اجلاس اور وزرائے خارجہ کونسل کی قراردادوں کے فیصلوں کو دہراتے ہوئے جنرل سیکریٹریٹ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔

او آئی سی نے اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو ہٹانے، مواصلاتی رابطے بحال کرنے اور کشمیریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

او آئی سی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر مرکزی معاملہ ہے، لہٰذا اس مسئلے کا اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پائیدار اور منصفانہ حل ضروری ہے۔

علاوہ ازیں جنرل سیکریٹریٹ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ جنوبی ایشیا میں ترقی، امن اور استحکام کے لیے شرط ہے۔

یہ بھی پڑھیں: او آئی سی نے کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت کا عزم دہرا دیا، دفتر خارجہ

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو فی الفور ختم کیا جائے۔

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ

واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کرکے حریت قیادت اور سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کر کے گھروں یا جیلوں میں قید کردیا تھا۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں کرفیو اور پابندیاں چوتھے ہفتے میں داخل ہو گئی ہیں اور مسلسل 27 روز کے لاک ڈاؤن سے خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے۔

فورسز کی جانب سے سختیوں اور پابندیوں کے باوجود کشمیری عوام کی بڑی تعداد وادی کے مختلف علاقوں میں بڑے مظاہرے کرچکی ہے، مظاہروں کے دوران شیلنگ اور پیلٹ گن کے چھروں سے درجنوں افراد زخمی جبکہ ہزاروں گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

mansour haidar raja Sep 01, 2019 06:45am
او آی سی کی طرف سے کشمیر کے متعلق اس اعلامیہ کا شکریہ ۔ مگر کویی بتا سکتا ھے کہ قول و فعل کے تضاد پر مبنی اس دو رخی پالیسی کو کیا کہا جاتا ہے ! انڈیا میں مسلمانوں کی حالت زار اور مشکلات میں جس طرح مسلسل اضافہ ہو رھا ہے اس سے دگنی رفتار میں عرب ممالک انڈیا سے اپنے تعلقات بڑھا رہے ہیں َ

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024