'فہد مصطفیٰ سے شادی اور ہمایوں سعید کو بوائے فرینڈ بناؤں گی'
پاکستانی اداکارہ مہوش حیات ویسے تو اپنے کیریئر میں ایک کے بعد ایک بڑے پروجیکٹ کا حصہ بن کر کامیابی کی جانب گامزن ہیں۔
تاہم آج کل وہ اپنے انٹرویوز اور بیانات کی وجہ سے خبروں میں جگہ بنا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: ہمایوں-مہوش کی'دل لگی'
مہوش حیات حال ہی میں اداکار علی سلیم کی ویب سیریز 'بیگم از بیک' کا حصہ بنیں۔
یاد رہے کہ اس سیریز میں علی سلیم اپنے کامیاب کردار 'بیگم نوازش علی' کے روپ میں نامور ستاروں کا انٹرویو کرتے ہیں۔
اس دوران علی سلیم نے مہوش حیات سے سوال کیا کہ وہ انڈسٹری کے کچھ بہترین اداکاروں کے ساتھ کام کرچکی ہیں لیکن اگر انہیں ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ کے درمیان شوہر اور بوائے فرینڈ کا انتخاب کرنے کا موقع ملے تو وہ کسے کیا بنائیں گی؟
اس پر اداکارہ نے پہلے تو ہچکچاتے ہوئے کہا کہ انہیں دونوں ہی اداکار پسند ہیں اور ان کے بےحد اچھے دوست بھی ہیں۔
لیکن پھر مہوش حیات نے کہا کہ وہ فہد مصطفیٰ سے شادی کرنا چاہیں گی جبکہ ہمایوں سعید بوائے فرینڈ کے روپ میں ٹھیک رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کے درمیان سرد جنگ؟
شو کے دوران بیگم نوازش علی نے یہ بھی کہا کہ وہ مہوش حیات کی شادی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کرانے کے خواہش مند ہیں جس پر مہوش حیات ہنس پڑیں۔
خیال رہے کہ مہوش حیات ہمایوں سعید کے ساتھ دو کامیاب فلموں 'جوانی پھر نہیں آنی' اور پنجاب نہیں جاؤں گی' میں کام کرچکی ہیں۔
فلم 'جوانی پھر نہیں آنی' 2015 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں مہوش حیات ہمایوں سعید کی ہیروئن بنیں تھی۔
ان دونوں کی فلم 'پنجاب نہیں جاؤں گی' 2017 میں ریلیز ہوئی تھی اور یہ فلم بھی باکس آفس پر خوب ہٹ ہوئی۔
مہوش حیات اور ہمایوں سعید ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی ہیں اور مستقبل میں مزید پروجیکٹس پر ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔
یہ دونوں اے آر وائے کے ڈرامے 'دل لگی' میں بھی ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔
دوسری جانب فہد مصطفیٰ کے ساتھ بھی مہوش حیات نے دو بڑی فلموں میں کام کیا۔
ان میں 'ایکٹر ان لا' اور 'لوڈ ویڈنگ' شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 'ایکٹر ان لا' 2016 میں ریلیز ہوئی تھی، جو باکس آفس پر خوب کامیاب ہوئی۔
جبکہ 'لوڈ ویڈنگ' 2018 میں سامنے آئی، اس فلم میں فہد اور مہوش کی جوڑی کو خوب سراہا گیا جبکہ فلم کو بھی شائقین اور تجزیہ کاروں کا اچھا ردعمل ملا۔