• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

دماغی صحت کے لیے اچھا طرز زندگی انتہائی اہم

شائع August 29, 2019
یہ بات نیدرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات نیدرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

بڑھتی عمر کے باوجود اپنے دماغ کو تیز اور جوان رکھنا چاہتے ہیں تو اپنی زندگی سے سیگریٹ کو نکال کر ورزش کو شامل کرلیں۔

یہ بات نیدرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

اراسموس یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں بتایا گیا کہ الکحل اور سیگریٹ سے گریز جبکہ زیادہ جسمانی سرگرمیاں عمر بڑھنے سے دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا خطرہ کم کرتی ہیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ صحت مند طرز زندگی یاداشت ختم کردینے والے اس مرض سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق مختلف نقصان دہ عادات جیسے تمباکو نوشی سے دماغی تنزلی کا خطرہ ایک تہائی حد تک بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران سیکڑوں افراد کے طرز زندگی کا جائزہ 14 سال تک لیا گیا جس کے نتائج طبی جریدے نیچر میڈیسین میں شائع ہوئے۔

تحقیق کے دوران 915 رضاکاروں میں ڈیمینشیا کی تشخیص ہوئی۔

محققین نے ہر رضاکار میں ڈیمینشیا کے جینیاتی خطرات کا جائزہ لیا گیااور انہیں مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

عام طور پر الزائمر کے 50 فیصد کیسز سے جینز سے جوڑا جاتا ہے جو کہ ڈیمینشیا کی سب سے عام قسم ہے۔

تحقیق کے دوران طرز زندگی کے لحاظ سے بھی رضاکاروں کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ جسمانی طور پر متحرک ہونے، صحت بخش غذا کا استعمال اور تمباکو نوشی سے گریز سے الزائمر امراض کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

محققین کے مطابق ناقص طرز زندگی دماغی امراض کا خطرہ 32 فیصد تک بڑھا دیتا ہے چاہے ایک بری عادت ہی کیوں نہ ہو، اس سے بھی اس مرض کا امکان بڑھتا ہے۔

رواں برس امریکا کی رش یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ طرز زندگی کے چند عناصر کا خیال رکھ کر اس مرض کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران ڈھائی ہزار کے قریب افراد کا جائزہ لگ بھگ ایک دہائی تک لیا گیا اور ان کے طرز زندگی پر خاص توجہ دی گئی جیسے غذا، تمباکونوشی، جسمانی سرگرمیاں، الکحل کے استعمال اور دماغ تیز بنانے والی سرگرمیاں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جن افراد کا طرز زندگی صحت مند ہوتا ہے یعنی صحت بخش غذا کا استعمال، تمباکو نوشی سے گریز، ہر ہفتے کم از کم ڈیڑھ سو منٹ تک ورزش، الکحل کا کم از کم استعمال اور دماغ تیز کرنے والی سرگرمیوں کو معمول بنانا، الزائمر و ڈیمینشیا کا خطرہ کم کرتا ہے۔

درحقیقت لوگ جتنی زیادہ صحت مندانہ سرگرمیاں اپنائیں گے، اتنا ہی زیادہ اس مرض کا خطرہ کم ہوگا۔

محققین کے مطابق اوپر دیئے گئے 5 عناصر میں سے 2 یا تین پر عملدرآمد بھی ڈیمینشیا کا خطرہ 39 فیصد تک کم کردیتا ہے جبکہ 4 یا پانچ عناصر پر عمل کرنے والے افراد میں یہ خطرہ 59 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024