• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

حکومت کا پہلا سال مکمل، ملک بھر میں 'پلانٹ فار پاکستان' مہم

شائع August 18, 2019 اپ ڈیٹ August 19, 2019
ملک بھر میں آج  2 کروڑ پودے لگائے جائیں گے — فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
ملک بھر میں آج 2 کروڑ پودے لگائے جائیں گے — فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اقتدار میں ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ’ پلانٹ فار پاکستان ڈے‘ کے تحت ہر شہر میں شجرکاری کی جارہی ہے جس میں وفاقی وزرا سمیت دیگر حکومتی شخصیات بھی پیش پیش ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پلانٹ فار پاکستان ڈے منانے کی ہدایت کی تھی جس کے تحت ملک بھر میں آج (18 اگست ) کو 2 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے دفتر خارجہ کے مرکزی لان میں پودا لگایا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ نے پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

وزیر خارجہ کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، خصوصی سیکریٹری معظم احمد اور دفتر خارجہ کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ہمراہ لاہور میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے ہمراہ لاہور کے علاقے خود پور سے شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں عثمان بزدار نے واضح کیا کہ صوبے میں جلد پولیتھین فری پنجاب قانون نافذ کیا جائے گا جس کے تحت پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پنجاب کے ہر شہر میں ایک سڑک اور پارک کو کشمیر سے منسوب کیا جائے گا۔

"ہر بشر دو شجر " مہم کے دوران پی ایچ اے کی جانب سے عوام میں پودے تقسیم کیے گئے، اس کے ساتھ ساتھ گلشن راوی جیلانی پارک ناصر باغ اور اقبال ٹاؤن میں پودے لگائے گئے۔

ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے گلشن راوی اور ناصر باغ میں جنرل سیکرٹری لاہور بار نے پودا لگایا۔

ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر مدثر اعجاز ۔ڈائریکٹر فنانس عثمان غنی، پی آر او نادیہ طفیل سمیت دیگر عملے نے جیلانی پارک میں پودے لگائے۔

یہ بھی پڑھیں: شجرکاری مہم: 'عوام کم از کم 2 پودے لگا کر نسل نو کا تحفظ یقینی بنائیں'

پی ایچ اے آفیسر ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر اویس اختر ۔جنرل سیکرٹری جاوید حامد نے گلشن اقبال پارک میں شہریوں سے بھی پودے لگوائے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پاکستان ٹیلی ویژن( پی ٹی وی) ہیڈکوارٹرز میں پودا لگایا۔

فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی وی ہیڈکوراٹرز میں پودا لگایا —فوٹو: ٹوئٹر
فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی وی ہیڈکوراٹرز میں پودا لگایا —فوٹو: ٹوئٹر

میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تحت 5 برس میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف طےکیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانے کی ایک کوشش ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے اپنی کابینہ کے ہمراہ فریئر ہال میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں شجرکاری مہم کا بھرپور آغاز کریں انہوں نے کہا کہ صرف پودا لگانا نہیں بلکہ اس کو درخت بننے تک حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں جب تک درختوں کی افزائش کو بڑھایا نہیں جائے گا تو موسمی تبدیلی کے اثرات بڑھتے جائیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں ہر شہری سے اپیل کرتا ہوں کے اپنے حصے کا درخت لگا کر سندھ کو سرسبز بنائیں، نیم کے درخت کے علاوہ میواجات کے درخت لگائے جائیں تاکہ پرندوں کی افزائش میں اضافہ ہوسکے۔

وزیر اعظم پاکستان کے ترجمان ندیم افضل چن نے بھی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے آبائی گاؤں کے قبرستان میں پھل دار پودا لگایا۔

صوبہ خیبر پختوخوا میں دس بلین سونامی ٹری شجر کاری مہم کے تحت مزید ایک ارب پودے لگانے کا آغاز کیا گیا۔

مہم کا آغاز قبائلی ضلع خیبر میں صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ اور چیف سیکریٹری کے پی نے پودا لگا کر کیا، تقریب سے اپنے خطاب میں اشتیاق ارمڑ نےکہا کہ صوبے بھر میں 27 ارب لاگت کے پودے لگائے جائیں گے۔

پشاور میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ڈیڑھ لاکھ پودے لگائے جائیں گے، لیڈیز پارک پشاور یونیورسٹی میں ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مشتاق حسین نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔

اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی محکمہ جنگلات و دیگر محکموں کے تعاون سے پلانٹ فار پاکستان مہم میں بھرپور کردار ادا کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے جاری ویڈیو بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر 18 اگست کو پودا لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی کامیابی کی خوشیاں منانے کا بہترین انداز ہے کہ اپنے گھر یا علاقے میں پودالگائیں، ہر شہری ملک کو سر سبزوشاداب بنانے میں اپنا حصہ ضرور ڈالے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ آپ سب بھی آج پودا لگائیں، ملک کے لیے اور قوم کے لیے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 5 اگست کو اسلام آباد میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا تھا اور تمام پاکستانیوں سے 18 اگست کو کم از کم 2 پودے لگانے کی اپیل بھی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024