• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پشاور میں افغانستان کا پرچم آویزاں کرنے والا افغان شہری گرفتار

شائع August 16, 2019
ملزم کے مطابق پرچم آویزں کرنے کے پسِ پردہ کوئی مذموم مقصد نہیں تھا — تصویر: بشکریہ فیس بک
ملزم کے مطابق پرچم آویزں کرنے کے پسِ پردہ کوئی مذموم مقصد نہیں تھا — تصویر: بشکریہ فیس بک

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے بورڈ بازار میں بل بورڈ پر افغانستان کا قومی پرچم آویزاں کرنے کے الزام میں ایک افغان شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

علاقہ پولیس کے مطابق افغان شہری پشاور کے علاقے تاج آباد میں رہائش پذیر تھا جسے 12 اگست کو افغانستان کا پرچم آویزاں کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے مطابق پرچم آویزاں کرنے کے پسِ پردہ کوئی مذموم مقصد نہیں تھا بلکہ وہ صرف اس کے ساتھ تصویر کھینچنا چاہتا تھا۔

ملزم نے پولیس کو مزید بتایا کہ اس طرح تصویر کھینچنے کے فوراً بعد اس کی تصویر وائرل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: کوہلی کا فین بھارتی پرچم لہرانے پر گرفتار

ملزم اب بھی پولیس کی حراست میں موجود ہے جسے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 153 'اے' کے تحت گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق افغانستان کا پرچم آویزان کرنے والا نوجوان بورڈ بازار میں سبزیاں فروخت کرتا ہے۔

خیال رہے کہ جنوری 2016 میں پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے ایک گاؤں میں ہندوستانی پرچم لہرانے کی اطلاع ملنے پر ایک شخص عمر دراز ولد لیاقت علی کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

گرفتار شخص کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز ویرات کوہلی کا مداح ہے اور اس نے اپنے مکان کی دیواروں پر اس کی تصاویر بھی لگا رکھی ہیں۔

تاہم گرفتاری کے بعد اسے احساس ہوا کہ اس نے ہندوستان کا پرچم لہرا کر غلطی کی۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی شہری نے اپنے گھر پر پاکستانی پرچم لہرا دیا

واضح رہے کہ ہندوستان میں پاکستان کے پرچم لہرائے جانے کے واقعات عمومی طور پر پیش آتے رہتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں عمومی طور پر تقریباً ہر احتجاج کے دوران پاکستان کی حمایت اور بھارت کی مخالفت میں پاکستانی پرچم لہرائے جاتے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی پنجاب میں سکھوں کی ’خالصتان تحریک‘ طویل عرصے سے جاری ہے اور وہاں بھی پاکستان کا پرچم کئی بار لہرایا جاچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024