بھارت کا یوم آزادی، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 'سوشل میڈیا ڈی پی سیاہ'
بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے جس کے لیے ملک کی معروف شخصیات نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹس کی پروفائل تصاویر کو تبدیل کرتے ہوئے انہیں سیاہ کردیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس سلسلے میں اپنی ٹوئٹر پروفائل پکچر سیاہ کی اور اس حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کیا دنیا خاموشی سے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم کو دیکھتی رہے گی؟
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی پروفائل تصویر کو سیاہ کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا اعلان کیا تھا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی میں ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور ٹیلی ویژن نیٹ ورک سروسز کو معطل کرکے کرفیو نافذ کردیا تھا۔
بھارت نے خصوصی حیثیت تبدیل کرکے مقبوضہ وادی میں مزید ہزاروں فوجی تعینات کیے تھے اور وادی کو جیل میں تبدیل کردیا تھا جبکہ 12 روز سے جاری کرفیو کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام بد ترین مشکلات کا شکار ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارت کا یوم آزادی: مقبوضہ کشمیر، پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ
یہی وجہ ہے کہ بھارت کے یوم آزادی کے روز یہ اقدام مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ساتھ ساتھ اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کی تصویر کو بھی سیاہ کردیا۔
انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستانی آج کا دن یومِ سیاہ کے طور پر منائیں گے تاکہ دنیا اس مظالم کو دیکھ سکے جو بھارت 1947 سے کشمیریوں پر کررہا ہے۔
15 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہارے یکجہتی کے لیے حکومتِ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کی پروفائل تصاویر کو بھی سیاہ کردیا گیا۔
ان کے علاوہ شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والی کئی نامور پاکستانی شخصیات نے بھی یہ قدم اٹھایا۔
غریدہ فاروقی نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے لیے آزادی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج کے دن کو سیاہ ترین دن قرار دیا۔
عاصمہ شیرازی نے بھی اپنے اکاؤنٹ کی تصویر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی میں سیاہ کرلی۔
اس حوالے سے ٹوئٹر پر کئی ہیش ٹیگز بھی سامنے آئے جو ٹاپ ٹرینڈ میں موجود ہیں، ان میں 15AugustBlackDay# اور BlackDay15thAugust# شامل ہیں۔
ان ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے متعدد صارفین کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی تصاویر سیاہ کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا 73واں یوں آزادی 'یوم یکجہتی کشمیر' کے طور پر منایا گیا
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی قوم نے 14 اگست 2019 کو اپنا 73واں یوم آزادی منایا تھا اور حکومت نے یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کے اعلان کیا تھا۔
حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی ’لوگو’ جاری کیا تھا جس میں ‘کشمیر بنے گا پاکستان’ کا نعرہ درج تھا۔