کراچی: یومِ آزادی پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 13 افراد زخمی
کراچی میں یومِ آزادی کی خوشی میں رات گئے ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔
جشنِ آزادی کی خوشی میں شہریوں نے ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس میں بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔
کراچی پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق زخمیوں میں سے 5 کو عباسی شہید ہسپتال، 2 کو سول ہسپتال اور 4 کو جناح پوسٹ گریجویٹ سینٹر منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات، پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے دعائیں
پولیس کے مطابق تمام افراد 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب جشنِ آزادی پر موقع کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔
عزیز آباد میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 19 سالہ وانیہ شایان زخمی ہوئیں جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔
نیو کراچی میں واقع سلیم سینٹر پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 27 سالہ خاتون تحسین زخمی ہوئیں جنہیں عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ننھے پاکستانیوں نے ملک کا 73واں یوم آزادی کیسے منایا؟
تیموریہ کے علاقے میں 60 سالہ ہاشم مرزا، گلشن اقبال میں 42 سالہ عابد، نارتھ ناظم آباد میں 16 سالہ عبدالحفیظ کو عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا۔
لیاری گلستان کالونی میں 20 سالہ کلثوم، گرو مندر کے علاقے میں 25 سالہ طارق زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پارکنگ پلازہ کے قریب پریڈی اسٹریٹ پر ہوائی فائرنگ سے 13 سالہ معیذ احمد، ابراہیم حیدری میں 30 سالہ وقار، گلشن اقبال میں 4 سالہ بچی صفیہ، لانڈھی نمبر 1 میں 25 سالہ بلال زخمی ہوئے جنہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستانی عوام آج 14 اگست 2019 کو اپنا 73 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منا رہی ہے۔