عید پر زیادہ کھانے سے ہونے والی بدہضمی سے بچانے میں مددگار ٹوٹکے
عیدالاضحیٰ کا تہوار منہ کا ذائقہ دوبالا کردیتا ہے کیونکہ گوشت کے بے شمار پکوان آپ کے منتظر ہوتے ہیں۔
مگر گوشت کو زیادہ مقدار میں کھانا پیٹ پھولنے اور بدہضمی کا باعث بھی بن سکتا ہے جس کے دوران پیٹ کا بہت زیادہ بھرا ہونے کا احساس، درد یا معدے کے اوپری حصے میں جلن کا احساس ہوسکتا ہے۔
بدہضمی ویسے تو کوئی مرض نہیں بلکہ غذائی نالی کے دیگر مسائل جیسے سینے میں جلن یا دیگر کی ایک علامت ہوتی ہے۔
عام طور پر افراد پیٹ پھولنے یا بدہضمی کی صورت میں ادویات کو ترجیح دیتے ہیں مگر اس کے لیے آپ کچن میں موجود چیزوں سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔
پودینے کی چائے
پودینے کو کھانے سے صرف سانس ہی نہیں مہکتی بلکہ یہ صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے، خصوصاً معدے کے مسائل جیسے دل متلانے اور بدہضمی کے لیے اچھا انتخاب ہے۔ عید کی دعوتوں کے بعد ایک کپ پودینے کی چائے کا استعمال فوری طور پر معدے کو سکون پہنچاتا ہے۔ اس سے بدہضمی سے نجات تو ملتی ہے مگر سینے میں جلن ہو تو پھر اس سے گریز کرنا بہتر ہے کیونکہ یہ غذائی نالی کے نچلے کے حصے کو پرسکون کرتی ہے، جس سے معدے میں موجود ایسڈ اوپر جاتا ہے جس سے سینے میں جلن کی شکایت بڑھ جاتی ہے۔
سیب کا سرکہ
سیب کا سرکہ صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند سمجھا جاتا ہے اور بدہضمی سے ناجت میں بھی مدد دے سکتا ہے، معدے میں تیزاب کی کمی سے بدہضمی ہوتی ہے، سیب کا سرکہ پینے سے جسم میں اس تیزاب کی پیداوار بننے کا عمل تیز ہوتا ہے، ایک سے 2 چائے کا چمچ سیب کا سرکہ ایک کپ پانی میں ملا کر پینا فوری ریلیف دیتا ہے، یا کھانے سے آدھے گھنٹے پہلے اسے پی لینا بھی فائدہ مند ہے۔ خیال رہے کہ خالص سرکہ پینے سے گریز کریں کیونکہ وہ دل متلانے، بلڈ شوگر کی سطح میں کمی یا گلے میں جلن کا باعث بن سکتا ہے۔
ادرک
ادرک ادرک بھی بدہضمی کا قدرتی علاج ہے جو معدے میں تیزابیت کی بہت زیادہ مقدار میں کمی لاتا ہے، یعنی معدے میں تیزابیت کی بہت کم یا بہت زیادہ مقدار بدہضمی کا باعث بنتی ہے، ایک کپ ادرک کی چائے پینا معدے کو سکون پہنچا کر بدہضمی دور کرتا ہے یا ادرک کے ایک ٹکڑے کو پانی میں ابال کر شہد یا لیموں کے عرق ملا کر پینا بھی یہی فائدہ پہنچاتا ہے۔
سونف
سونف کو کھانے کے بعد کھانا بدہضمی کا خطرہ کم کرتا ہے یا اگر بدہضمی کے شکار ہیں تو اسے کھانے سے وہ دور ہوجاتی ہے جبکہ دیگر مسائل جیسے پیٹ پھولنے، دل متلانے اور درد وغیرہ میں بھی کمی لاتی ہے۔ ایک سے 2 چائے کے چمچ سونف کے سفوف کو پانی میں ملا کر 10 منٹ تک ابالیں اور پھر پی لیں، سونف کی یہ چائے بدہضمی ہونے پر پینا عادت بنائیں یا اگر اس میں مشکل ہو تو کھانے کے بعد کچھ مقدار میں سونف کھالیں جو یہی فائدہ پہنچاتا ہے۔
بیکنگ سوڈا
بیکنگ سوڈا معدے کی تیزابیت کو نیوٹرل کرکے بدہضمی، پیٹ پھولنے اور گیس جیسے مسائل دور کرتا ہے، آدھا چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا 4 اونس گرم پانی میں ملائیں اور پی لیں۔
لیموں کا پانی
لیموں کا پانی معدے کی تیزابیت کو نیوٹرل کرتا ہے جبکہ ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے، ایک کھانے کا چمچ لیموں کا عرق گرم پانی میں ملا کر کھانے سے چند منٹ پہلے پی لیں۔
ملیٹھی
ملیٹھی غذائی نالی کے ورم کو کم کرتی ہے جو بدہضمی کا باعث بنتی ہے، ڈھائی گرام ملیٹھی کو گرم پانی میں ملا کر پینا اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتا ہے، اس مشروب کو کھانے سے آدھے گھنٹے پہلے یا کھانے کے ایک گھنٹے بعد پی لیں۔ اس مشروب کو دن میں ایک بار سے زیادہ پینا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔