• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، وزیر اعظم یوم آزادی آزاد کشمیر میں منائیں گے

شائع August 13, 2019 اپ ڈیٹ August 14, 2019
وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے — فائل فوٹو / عمران خان انسٹاگرام
وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے — فائل فوٹو / عمران خان انسٹاگرام

وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 14 اگست بروز بدھ مظفر آباد کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان،کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال حکومت نے بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام کے باعث کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم آزادی کو 'یوم یکجہتی کشمیر' کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت پاکستان نے یوم آزادی کے لیے خصوصی 'لوگو' بھی جاری کیا ہے۔

یہ لوگو بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے ملکی آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے بعد وادی کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ’یوم آزادی پر قومی پرچم کے ساتھ کشمیر کا پرچم بھی لہرایا جائے‘

لوگو 'کشمیر بنے گا پاکستان' کے عنوان پر مبنی ہے، جس پر لفظ کشمیر سرخ رنگ میں لکھا گیا ہے جو جدوجہد آزادی کے دوران دی گئی قربانیوں کو ظاہر کرتا ہے۔

پاکستان کا پرچم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہر حد تک جانے کے پاکستانیوں کے عزم کی ترجمانی جبکہ لوگو کے گرد سرخ پٹی بھارت کے غیر قانونی قبضے اور مقبوضہ وادی میں اس کے مظالم کو اجاگر کرتی ہے۔

واضح رہے کہ عید الاضحیٰ پر حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کا مثالی مظاہرہ دیکھنے میں آیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی مرکزی جامع مسجد میں ایک ساتھ نماز عید الاضحیٰ ادا کی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اقبال ظفر جھگڑا اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024