شدید بارشوں سے کراچی میں سیلابی صورتحال
ملک کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید الاضحیٰ سے ایک روز قبل شروع ہونے والی شدید بارشوں سے شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
کراچی میں 10 اور 11 اگست کو وقفے وقفے سے شدید بارش ہوئی اور شہر کے کچھ علاقوں میں 150 اور اس سے زائد ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارشوں سے شہر کے کئی زیریں علاقے زیر آب آگئے اور گھروں، اسکولوں، ہسپتالوں اور مارکیٹوں میں پانی داخل ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں موسلادھار بارش، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق
شدید بارشوں سے جہاں کئی کئی علاقے زیر آب آگئے، وہیں شہر کی مصروف سڑکیں بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور لوگوں کو ایک سے دوسری جگہ منتقل ہونے میں شدید دشواری کا سامنا رہا۔
مجموعی طور پر کراچی میں شدید بارشیں 11 اگست کی نصف شب کو تھم گئیں، تاہم 12 اگست کی صبح عیدالاضحیٰ کے اجتماعات کے موقع پر شہر میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہوتی رہی۔
کراچی میں چند گھنٹوں کی شدید بارش کے بعد جہاں شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، وہیں کئی علاقوں میں پانی میں لوگوں کے پھنس جانے کے بعد پاک فوج اور دیگر سماجی تنظیموں کے رضاکاروں نے ریسکیو آپریشن کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں بارش کا سلسلہ عید کے روز بھی جاری
شدید بارشوں کی وجہ سے جہاں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا، وہیں پانی جمع ہونے سے بجلی کے کھنبوں اور تاروں میں کرنٹ آنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں اور مجموعی طور پر شہر میں مختلف حادثات کے دوران 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے افراد میں تین نوجوان دوست بھی شامل تھے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگرچہ 12 اگست کو تیز بارش ہونے کا امکان نہیں، تاہم شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوتی رہے گی اور 15 سے 16 اگست کے درمیان ایک بار پھر شہر میں شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں