• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

سندھ کے ضلع تھر میں طوفانی بارش، 2 بہنیں جاں بحق

شائع August 10, 2019
تھر میں کئی برس بعد ہونے والی بارش سے علاقے میں بہار آگئی—فائل/فوٹو:اے پی
تھر میں کئی برس بعد ہونے والی بارش سے علاقے میں بہار آگئی—فائل/فوٹو:اے پی

سندھ کے ریگستانی ضلع تھر اور بدین کے مختلف قصبوں اور گاؤں میں گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی طوفانی بارش کے نتیجے میں دو بہنیں جاں بحق ہوگئیں اور 50 سے زائد مویشیاں بھی ہلاک ہوگئیں۔

تھر میں کئی برس بعد ہونے والی بارش سے خشک تالاب دوبارہ بھر گئے اور صحرا میں بہار آگئی ہے تاہم جانی اور مالی نقصان بھی ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق اسلام کوٹ کے قریبی گاؤں بھٹیاں جی ویری میں بارش کے بعد سیلابی پانی سے موریو کولہی برادری کے کئی مکان بہہ گئے اور وہ محفوظ مقام کی طرف جارہے تھے کہ دو لڑکیاں پانی میں بہہ گئیں۔

بارش کے پانی میں بہہ کر 11 سالہ چاندی اور 8 سالہ ہاریان جاں بحق ہوئیں اور دونوں لڑکیاں آپس میں بہنیں تھیں جن کی لاشوں کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ نکال لیا۔

تھر کے کئی گاؤں میں بارش اور بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں ایک شخص زخمی اور 50 مویشیاں بھی ہلاک ہوگئیں اور دو روز سے جاری طوفانی بارش اور تیز آندھی سے تھر میں انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

مزید پڑھیں:کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، 3 افراد جاں بحق

سندھ کے ضلع تھر میں ننگرپاکر، ڈیپلو، مٹھی، اسلام کوٹ، چھاچھرو، کالوئی اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

تھر کے علاوہ ضلع بدین میں بھی ٹنڈوباگو، ماتلی، تلہار، پنگریو، گولارچی اور سیرانی سمیت مختلف قصبے اور گاؤں بارش سے شدید متاثر ہوگئے۔

بارش سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے اور بارش کا پانی جگہ جگہ جمع ہوگیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور بارش کے پانی میں ڈوبنے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور قربانی کے لیے لائی گئیں 4 گائے بھی ہلاک ہوگئیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں مون سون کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے بارشیں ہورہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ہفتے کو راولپنڈی، گجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال، بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، لاہور، گجرانوالہ، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ بارشوں کا یہ نیا سسٹم خیلج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے سبب پاکستان میں داخل ہوا جس کے تحت 9 اگست (جمعہ) سے 12 اگست (پیر) تک سندھ کے ضلع میرپور خاص، ٹھٹہ، حیدر آباد، کراچی، نواب شاہ ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024