• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بولی وڈ اداکارہ راکھی ساونت نے آخر کار شادی کرلی

شائع August 8, 2019
اداکارہ کے شوہر نے میڈیا پر آنے سے انکار کردیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اداکارہ کے شوہر نے میڈیا پر آنے سے انکار کردیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت کئی مرتبہ اپنے انٹرویوز اور سوشل میڈیا پر شادی کرنے کی خواہش کا اعلان کرچکی ہیں تاہم اب انہوں نے آخر کار شادی کر ہی لی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق راکھی ساونت نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک بزنس مین ریتیش سے رواں سال 28 جولائی کو شادی کی تاہم اس کا اعلان تقریباً ایک ہفتے بعد کیا۔

ویسے تو راکھی ساونت خود سے جڑی ہر خبر فوری سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر انہوں نے اپنی شادی کی خبر کو خفیہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی دنیا سے چھپایا۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے راکھی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے ایک مداح سے شادی کرلی ہے جس کا تعلق برطانیہ سے ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے سے بےحد محبت کرتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'مجھے روزانہ ہزاروں مداحوں کے پیغامات ملتے ہیں، لیکن ایک دن جب میں کافی اداس تھی تو مجھے ایک مداح نے پیغام بھیجا کہ میں آج اداس کیوں ہوں؟ اس پر میں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ اسے کیسے پتا لگا کہ میں اداس ہوں، جس پر اس نے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے مجھے فالو کررہا ہے اور جانتا ہے کہ میں کب خوش اور اداس ہوتی ہوں، اس دن میں نے سوچ لیا تھا کہ ایک دن میں اس سے ہی شادی کروں گی'۔

رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے 36 سالہ ریتیش سے ایک سال تعلق رکھنے کے بعد ممبئی کے ایک ہوٹل میں ان سے شادی کی۔

اپنی شادی کو خفیہ رکھنے کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ 'میں پریشان تھی کیوں کہ میں نے دیکھا ہے کہ اداکاراؤں کو شادی کرنے کے بعد انڈسٹری میں کام نہیں ملتا، پریانکا اور دپیکا جیسی بڑی اداکاراؤں کے لیے آسان ہے کہ شادی کے بعد بھی انہیں کام مل جائے لیکن میں ایک ڈانسر ہوں، میں آئٹم سانگز پر رقص کرتی ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ کیا مجھے اس وقت بھی کام ملے گا جب لوگوں کو پتہ چلے گا کہ میری شادی ہوچکی ہے، لیکن اب میں یہ سب نہیں سوچتی کیوں کہ میں نے اس شخص سے شادی کی ہے جس کے ساتھ زندگی گزارنے کا میں خواب دیکھتی تھی، آج میں بہت خوش ہوں'۔

ویسے تو اداکارہ نے اپنی شادی کا اعلان سوشل میڈیا پر نہیں کیا، البتہ کئی دنوں سے وہ ایسی تصاویر اور ویڈیوز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ضرور شیئر کر رہی ہیں جس میں وہ شادی کے ملبوسات میں نظر آئیں۔

اپنی شادی کی تقریبات کے حوالے سے راکھی ساونت نے بتایا کہ 'ہماری شادی عیسائی اور ہندو رسومات کے تحت ہوئی، میں نے ہمیشہ یہی خواب دیکھا تھا کہ میری شادی خوبصورت انداز سے ہو، ریتیش نہیں چاہتا کہ وہ ابھی میڈیا کے سامنے آئے، اس نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ جب ہمارے بچے ہوجائیں گے تو وہ ان کی تصاویر خود دنیا سے شیئر کرے گا'۔

View this post on Instagram

bridel shooting

A post shared by Rakhi Sawant (@rakhisawant2511) on

یاد رہے کہ گزشتہ سال راکھی ساونت نے سوشل میڈیا پر کامیڈین اداکار دیپک کلال سے شادی کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ 'دیپک میرے بھائیوں جیسے ہیں، ہم نے مداحوں کے ساتھ مذاق کرنے کی کوشش کی تھی، جب میں نے اور دیپک نے یہ مذاق کیا تب تک ریتیش نے مجھے شادی کی پیشکش نہیں کی تھی، میرے اس مذاق کے بعد ریتیش بھی کافی سنجیدہ ہوگئے اور مجھے فوری شادی کی پیشکش کردی'۔

اپنی شادی شدہ زندگی کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ 'میں 33 سال کی ہوچکی ہوں اور امید ہے کہ فرح خان کی طرح جلد 3 بچوں کی والدہ بھی بن جاؤں گی'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024