پاکستانی عوام کا کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف پاکستان بھر میں احتجاج کیا گیا اور اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور آزاد کشمیر کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے مختلف شہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے ریلیاں نکالیں اور بھارتی اقدام کے خلاف آواز بلند کی۔
اسلام آباد میں شہریوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے خلاف بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا اور پلےکارڈز اور بینرز اٹھا کر کشمیریوں کے لیے آزادی کے نعرے بھی بلند کیے۔
شہر قائد میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مظاہرے کیے گئے۔
اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے بہادر آباد جبکہ پاک سرزمین پارٹی نے پاکستان ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا۔
یہی نہیں بلکہ لاہور میں پی ٹی آئی کےعلاوہ پنجاب یونیورسٹی اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے اساتذہ، ملازمین نے ریلی نکالی جبکہ پشاور اور کوئٹہ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔