• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

چوہدری شوگر ملز کیس: نواز شریف سے تفتیش کیلئے نیب کی درخواست مسترد

شائع August 3, 2019
نیب نے حال ہی میں چوہدری شوگر ملز کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
نیب نے حال ہی میں چوہدری شوگر ملز کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست مسترد کردی جس میں چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے تفتیش کی اجازت طلب کی گئی تھی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کو ہدایت کی کہ درخواست لاہور کی متعلقہ عدالت میں دائر کی جائے جہاں کا علاقائی دفتر اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

اس کے ساتھ جج نے درخواست پراسیکیوشن کو لوٹاتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت اسلام آباد کے پاس اس درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز سے چوہدری شوگر ملز کے مالیاتی امور کی تفصیلات طلب

خیال رہے کہ نیب نے حال ہی میں چوہدری شوگر ملز کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کیا تھا اور اس سلسلے میں 31 جولائی کو مریم نواز کا بیان بھی قلمبند کیا گیا تھا۔

اس ضمن میں نیب نے جب مریم نواز کو طلب کیا تو انہوں نے جواباً کہا کہ وہ تفتیش میں نیب کے احترام کی وجہ سے نہیں بلکہ اسے بے نقاب کرنے کے لیے شامل ہوں گی۔

خیال رہے کہ مریم نواز بدھ کے روز نیب حکام کے سامنے پیش ہوئی تھیں، کمپنی کی بڑی شراکت دار کی حیثیت سے انہوں نے چوہدری شوگر ملز کی مشتبہ مالی ٹرانزیکشن کے حوالے سے 45 منٹ تک اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

مزید پڑھیں: نیب کا مریم نواز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں، منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز

نیب میں طلبی کے بعد سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’نیب سے واپس آگئی، انہیں بتایا کہ خاندانی کاروبار کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات اور کھربوں دفعہ دیے گئے جوابات سے ایجنڈے پر چلنے والی جے آئی ٹی بھی کچھ نہیں پا سکی‘۔

پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’لیکن چونکہ نیب کو لوگوں کو نشانہ بنانے اور ہراساں کرنے کے آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، لہٰذا یہ مضحکہ خیز کھیل جاری رہے گا‘۔

خیال رہے کہ اس کیس میں تحقیقات کے لیے نیب نے حسن اور حسین نواز کو بھی طلب کیا تھا البتہ وہ پیش نہ ہوئے۔

شریف خاندان کے اراکین منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت چوہدری شوگر ملز میں مشتبہ شراکت دار کی حیثیت سے تفتیش کا سامنا کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے 2 بھتیجوں کو مدینہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا

مذکورہ شوگر ملز کے مالکان کے خلاف شواہد مبینہ طور پر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ اور سلمان شہباز کی منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں سامنے آئے تھے۔

نیب نے شریف خاندان اور اس سے فوائد حاصل کرنے والے افراد جس میں مریم نواز اور چوہدری شوگر ملز کے دیگر مالکان بھی شامل ہیں، کی مبینہ طور پہ لاکھوں روپے کی ٹیلیگرافک ٹرانسفرز (ٹی ٹیز) کا سراغ لگایا ہے۔

اس سے قبل چوہدری شوگر ملز کیس میں تفتیش کا سامنا کرنے والے نواز شریف کے دو بھتیجوں کو مدینہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا تھا۔

یوسف عباس اور عبدالعزیز عباس، نواز شریف کے مرحوم بھائی عباس شریف کے بیٹے ہیں۔


یہ خبر 3 اگست 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024