• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سلگتے سگریٹ کو بجھائیے، ہمارے جنگل بچائیے

شائع August 1, 2019

’میرے والد چین اسموکر تھے‘۔

کراچی یونیورسٹی کے شعبہءِ نفسیات کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال نے گفتگو کا آغاز کیا۔

بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وہ ایک سگریٹ سے دوسری سگریٹ جلاتے تھے۔ میری چھوٹی بہن ان سے بہت مانوس تھی۔ وہ چھوٹی ہونے کے باعث والد کی لاڈلی تھی اور ہر وقت ان کے ساتھ رہتی۔ وہ سگریٹ پیتے رہتے اور بہن ان کے قریب کھیلتی رہتی۔ وہ اسے اسکول بھی خود چھوڑنے جاتے۔ والد ڈرائیونگ کرتے ہوئے بھی سگریٹ پیتے رہتے۔ گاڑی کا اے سی چل رہا ہوتا لہٰذا گاڑی کے شیشے بند ہوتے اور دھواں گاڑی کے اندر ہی موجود رہتا۔ پھر ایک روز بہن بیمار ہوگئی‘۔

پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال بچوں میں سگریٹ کی بڑھتی ہوئی عادت کے حوالے سے Society for the Protection of the Rights of the Children (SPARK) کے زیرِ اہتمام ایک سیمینار میں اپنی کہانی سنارہی تھیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’بہن کا بخار ٹوٹ ہی نہیں رہا تھا۔ ڈاکٹرز نے سارے ٹیسٹ کیے اور ایکسرے دیکھ کر وہ حیران ہوگئے اور ہم سے پوچھا کہ کیا بچی سگریٹ پیتی ہے؟ ظاہر ہے ہم نے انکار کیا تو ڈاکٹرز نے کہا کہ بچی کے پھیپھڑے تمباکو کے اثرات سے سخت متاثر ہیں۔ اب چونکہ بہن والد کے قریب رہتی تھی اور وہ سگریٹ پیتے رہتے تھے تو جتنا دھواں ان کے پھیپھڑوں میں جاتا اتنا ہی بہن کے پھیپھڑے بھی جذب کرلیتے۔ قصہ مختصر یہ کہ بہن کو ایک سال بخار رہا پھر وہ بظاہر ٹھیک ہوگئی لیکن اس کے جسم کا مدافعتی نظام اتنا کمزور ہوگیا کہ اسے جوانی میں ہی کینسر ہوگیا۔ کمزور پھیپھڑوں کے ساتھ وہ بیماری سے لڑنے کی طاقت نہیں رکھتی تھی لہٰذا بیماری نے اسے شکست دے دی اور وہ بہت چھوٹی عمر میں ہم سے بچھڑ گئی‘۔

ڈاکٹر فرح کی کہانی نے سب کو اداس کردیا۔


لیکن یہ واقعہ ہمیں اس حقیقت سے روشناس کروا رہا ہے کہ صرف سگریٹ پینے والا ہی نہیں بلکہ اس کے قریب رہنے والا بھی اتنا ہی متاثر ہوتا ہے۔ صحت کی عالمی تنظیم ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق یہ ’سیکنڈ ہینڈ اسموک‘ ہر سال 6 لاکھ افراد کی موت کا سبب بنتا ہے۔

اسی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سگریٹ کی پھلتی پھولتی صنعت یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ یہاں یہ زہر لوگوں کو عام دستیاب ہے۔ پاکستان میں 2 کروڑ افراد تمباکو نوشی کے عادی ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق پھیپھڑوں اور منہ کا سرطان پاکستان میں تمباکو نوشی سے ہونے والی اموت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اگر منہ کے سرطان کی بات کی جائے تو دنیا میں سب سے زیادہ یہ بیماری پاکستان میں ہے اور اس کی بنیادی وجہ چبا کر استعمال کی جانے والی تمباکو کی مصنوعات مثلاً پان، نسوار اور گٹکا ہیں۔

مزید پڑھیے: تمباکو نوشی چھوڑنے کے 12مددگار طریقے

عالمی ادارہ صحت کے مطابق تمباکو نوشی دنیا بھر میں ایسی بیماریوں کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، جنہیں روکا جا سکتا ہے۔ تمباکو سے ہونے والی بیماریوں سے دنیا بھر میں ہر سال 60 لاکھ افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ پاکستان میں بھی ایک لاکھ افراد تمباکو نوشی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور 5 ہزار پاکستانی روزانہ تمباکو نوشی ہی کے باعث اسپتال میں داخل ہوتے ہیں۔


لیکن آج اس تحریر کو لکھنے کا مقصد ان بیماریوں کے بارے میں بتانا نہیں کیونکہ سگریٹ نوشی کے مذکورہ بالا نقصانات تو سبھی جانتے ہیں لیکن کیا ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ تمباکو نوشی کے دھوئیں میں اب ہمارا مستقبل بھی داؤ پر لگ چکا ہے؟

جی ہاں تمباکو نوشی کے عفریت نے ہمارے بچوں کو بھی گھیرلیا ہے۔ اسکول اور کالجوں میں آسانی سے دستیاب اس زہر کو قوم کے نونہال بڑی رغبت سے اپنے پھیپھڑوں میں اتار رہے ہیں لیکن والدین کو کانوں کان خبر نہیں ہے۔ یہ دل دہلانے والے اعداد و شمار دیکھیے۔

بچوں میں تمباکو نوشی کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیم SPARC کے مطابق پاکستان میں 18 سال اور اس سے بڑی عمر کے نوجوانوں کی 19 فیصد تعداد سگریٹ پینے کی لت میں مبتلا ہے اور تقریباً 1000 سے 1200 بچے روزانہ سگریٹ نوشی کی جانب راغب ہورہے ہیں۔

سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ سگریٹ پینے والے بچوں میں 6 سال کی عمر کے بچے بھی شامل ہیں جو اپنے گھر میں والد، کسی رشتے دار یا نوکروں کو دیکھ کر اس عادت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر فرح کا کہنا ہے کہ ایسے بچوں کو پہچاننا بہت آسان ہے۔ سب سے پہلے ان کی عادتوں میں تبدیلی آتی ہے۔

  • وہ چیونگم زیادہ کھانے لگتے ہیں تاکہ منہ سے سگریٹ کی بُو نہ آئے۔
  • اسی بُو کو چھپانے کے لیے پرفیوم کا استعمال بڑھادیا جاتا ہے۔
  • کھانے کے بعد بہانے سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ سگریٹ پی سکیں۔
  • رات میں کئی بار باتھ روم جاتے ہیں۔
  • بغور دیکھا جائے توان بچوں کے کپڑوں پر جلے ہوئے سوراخ بھی نظر آجائیں گے۔
  • سگریٹ نوشی جاری رہے تو کچھ عرصے بعد چہرے اور آنکھوں کی رنگت بدل جاتی ہے۔
  • ہونٹ سیاہی مائل اور انگلیوں کی پوریں سیاہ ہوجاتی ہیں۔
  • دانت پیلے ہونے لگتے ہیں اور اگر پیلے ہوں تو زیادہ پیلے ہوجاتے ہیں۔

یہ ساری علامات ماں باپ کی نظر سے بچ نہیں سکتیں، لیکن اگر ان واضح علامات کے باوجود والدین بے خبر رہتے ہیں تو ان کی بے خبری کو سلام!

سگریٹ نوشی کے اگرچہ بڑوں پر بھی ذہنی اور جسمانی طور پر بدترین اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن بچے تو مکمل طور پر اپنی ذہنی اور جسمانی صحت سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

اگر سگریٹ 2 سال تک پیتے رہے تو ان کی برین ممبرین متاثر ہوجاتی ہے، یادداشت خراب ہونے لگتی ہے، دماغ کی نشو نما رک جاتی ہے، آئی کیو لیول گرجاتا ہے، وہ جذباتی طور پر غیر متوازن ہوجاتے ہیں، چڑچڑا پن اور غصہ بڑھ جاتا ہے، پڑھائی میں پیچھے ہوجاتے ہیں اور جسم اور دماغ نکوٹین کا عادی ہوتا چلاجاتا ہے۔

ماہرین پاکستان میں بڑھتی ہوئی سگریٹ نوشی کی ایک بڑھتی ہوئی وجہ اس کی قیمت کو بتاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سگریٹ کی قیمت جنوبی ایشا سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت بہت کم ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں سخت قوانین نافذ ہونے کے بعد اب سگریٹ بنانے والی کمپنیوں نے اپنی توجہ ترقی پزیر ممالک کی طرف مرکوز کرلی ہے جہاں سگریٹ نوشی کے خلاف قوانین نسبتاً کمزور اور ان کا نفاذ زیادہ موثر نہیں ہے۔

ایشیا پیسیفک ممالک میں تمباکو نوشی کی صنعت بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ملائشیا، انڈونیشیا، ویتنام اور پاکستان اس کی خاص مارکیٹ ہیں۔

تمباکو کی صنعت اور ماحول دشمنی

لگے ہاتھوں یہ بھی جان لیجیے کہ تمباکو نوشی کس طرح ماحول کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہورہی ہے۔ ایک جانب حکومت جنگلات کا رقبہ بڑھانے کی سرتوڑ کوشش کررہی ہے، بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں پر کثیر سرمایہ خرچ کررہی ہے تاکہ سبز رقبے میں اضافہ کیا جاسکے اور دوسری جانب سگریٹ سازی کی صنعت اس کوشش کو ناکام بنانے میں مصروف ہے۔

مزید پڑھیے: تمباکو نوشی ترک کرنے کے حیرت انگیز اثرات

اگر آپ حیران ہورہے ہیں تو آپ کی حیرت ابھی کم ہوجائے گی۔ معاملہ یہ ہے کہ سگریٹ کی صنعت براہِ راست جنگلات کے وسائل پر انحصار کرتی ہے۔ جنگلات کے یہ وسائل مثلاً درختوں کی لکڑی اور چھال وغیرہ ماچس کی تیاری اور سگریٹ، تمباکو کی پتیوں وغیرہ کو لپیٹنے میں استعمال ہوتے ہیں۔ SPARK کی تیار کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 3 کروڑ سے زائد درختوں کی چھال سیگریٹ کی پیکنگ میں استعمال ہوتی ہے۔ درختوں سے براہِ راست ماچس کی تیلیاں بنتی ہیں اور مت بھولیے کہ جنگلات کی آگ بھی عموماً سگریٹ ہی کی مرہون منت ہے۔

لکڑی کی 25 لاکھ ٹن مقدار خام تمباکو کی روسٹنگ کے لیے جلائی جاتی ہے جو براہِ راست جنگلات کی کٹائی اور فضائی آلودگی کو جنم دیتی ہے۔ اس کے علاوہ 15 لاکھ ملین کیوبک میٹر لکڑی سگریٹ کی تیاری سے قبل خام تمباکو کی پتیوں کو سکھانے اور اس کی تیاری کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ معدنی ایندھن (فوسل فیول) کے بعد فضائی آلودگی خصوصا گرین ہائیو گیسوں کی آلودگی کی دوسری بڑی وجہ جنگلات کی کٹائی ہے۔ 5 فیصد گرین ہائیو گیسوں کی آلودگی کی ذمے دار تمباکو کی صنعت سے ہونے والی جنگلات کی کٹائی ہے۔

جنگلات کی آگ بھی عموماً سگریٹ ہی کی مرہون منت ہے—فوٹو شٹر اسٹال
جنگلات کی آگ بھی عموماً سگریٹ ہی کی مرہون منت ہے—فوٹو شٹر اسٹال

صرف پاکستان میں 2 کروڑ افراد تمباکو نوشی کرتے ہیں اور تقریباً 4,500 سگریٹ سالانہ استعمال کرتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ 90 ارب ماچس کی تیلیاں استعمال کرتے ہیں۔

سگریٹ پینے کے بعد پھینک دیے جانے والے سگریٹ کے بٹ عام کچرا نہیں بلکہ یہ زیریلے فضلے میں شمار کیے جاتے ہیں جو زمین اور آبی وسائل کی آلودگی کا سبب بنتے ہیں اور بہت سے پرندے اور جاندار انہیں کھا کر موت کے منہ میں پہنچ جاتے ہیں۔

ہت سے پرندے اور جاندار انہیں کھا کر موت کے منہ میں پہنچ جاتے ہیں—فوٹو شٹر اسٹاک
ہت سے پرندے اور جاندار انہیں کھا کر موت کے منہ میں پہنچ جاتے ہیں—فوٹو شٹر اسٹاک

ایک اندازے کے مطابق تمباکو کی صنعت 20 لاکھ ٹن ٹھوس فضلہ پیدا کرتی ہے اور 3 لاکھ ٹن ایسا کچرا جسے دوبارہ استعمال نہ کیا جاسکے اور 2 لاکھ ٹن کیمیائی فضلہ پیدا کرتی ہے۔

سگریٹ کا مواد بہت سے کیمیکل پر مشتمل ہوتا ہے جیسے

  • نیل پالش ریمور میں استعمال ہونے والا ایسیٹون
  • صفائی کی مختلف محلول میں استعمال ہونے والا امونیا
  • کیڑے مار ادویات میں استعمال ہونے والا کیمیکل آرسینیک
  • مردہ اجسام کو محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہونے والا فارمل ڈی ہائٹ
  • بیٹریوں میں استعمال ہونے والی انتہائی خطرناک دھات، کیڈمیم
  • سائنائیڈ، ایک زہریلا تار جو مختلف کیمیکلز سے بنا ہوتا ہے اور اس کا 70 فیصد حصہ سگریٹ پینے والے کے پھیپھڑوں میں رہ جاتا ہے اور پھیپھڑوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح سگریٹ پینے کے دوران پیدا ہونے والی کاربن مونو آکسائیڈ سانس لینے کے عمل کو مشکل بناتی ہے۔ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ سگریٹ نوش افراد کے خون کے نمونوں میں یہ مضر گیس وافر مقدار میں پائی گئی ہے۔ نکوٹین تمباکو کی تقریباً تمام اقسام مثلاً سگریٹ، پائپ اور سگار میں شامل ہوتی ہے جو براہِ راست دماغ کو متاثر کرتی ہے۔

سگریٹ نوشی اور قوانین

سگریٹ نوشی سے روکنے کے لیے اگرچہ قوانین موجود ہیں مگر ان پر عمل درآمد ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ بچوں میں سگریٹ نوشی کے رحجان کی حوصلہ شکنی کے لیے بھی بہت سے قواعد و ضوابط موجود ہیں۔

پاکستان میں 2002ء میں سگریٹ نوشی کی ممانعت کے لیے ایک قانون منظور کیا گیا تھا، مگر اس کے بارے میں عوام میں آگہی نہ ہونے کے برابر ہے۔

انسدادِ تمباکو نوشی قانون کے مطابق تمباکو مصنوعات کی تشہیر اب پرنٹ، الیکٹرانک، بل بورڈ سمیت کسی بھی ایسے مقام پر نہیں کی جاسکتی جہاں عام لوگوں کا گزر ہو یا ان کی پہنچ ہو۔ مزید یہ کہ تمباکو کی مصنوعات کو تحائف، پیکٹ خریدنے پر کیش کی واپسی اور مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت میں فروخت کرنے پر بھی پابندی ہے۔ ایس آر او 1068 اور 46 کے مطابق صوبائی حکومتیں اور چیف کمشنر اسلام آباد اپنے علاقوں میں تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین پر عمل درآمد کروانے کی ذمے دار ہیں۔ قانون کے مطابق خلاف ورزی پر اے ایس آئی یا اس سے اوپر کے اہل کار قانونی کارروائی کرسکتے ہیں۔

حکومت نے سگریٹ نوشی روکنے کے لیے جو قوانین و ضوابط متعارف کرائے ہیں ان میں

  • ابتدائی طور پر سگریٹ کی ڈبے کے 85 فیصد حصے پر تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے بارے میں تصویری انتباہ چھاپنا لازمی قرار دیا گیا تھا، مگر بعد میں سگریٹ بنانے والی کمپنی فلپ مورس انٹرنیشنل کے نمائندوں نے 2017ء میں اس وقت کے وزیراعظم سے ملاقات کی، جس کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ 85 فیصد کے بجائے تصویری انتباہ کو 10 فیصد تک محدود کردیا جائے۔
  • عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کے لیے جو علیحدہ جگہ بنادی جاتی ہے وہ بھی غیر قانونی ہے۔
  • انسدادِ تمباکو نوشی قانون کے سیکشن 6 کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ مثلاً بس، ٹرین اور ویگن میں سگریٹ نوشی غیر قانونی ہے۔
  • سیکشن 7 کے مطابق سگریٹ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی اشتہار بازی ممنوع ہے۔
  • سیکشن 8 کے مطابق 18 سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ یا تمباکو کی کوئی اور مصنوعات بیچنا منع ہے۔
  • سیکشن 8 ہی کے تحت کھلی سگریٹ بیچنا منع ہے۔
  • ایک اہم سیکشن 9 کے مطابق کسی بھی اسکول، کالج اور تعلیمی ادارے کے 50 میٹر کے دائرے میں سگریٹ بیچنا یا فراہم کرنا ممنوع ہے۔
سیگریٹ کے ڈبے پر موجود تصویری انتباہ
سیگریٹ کے ڈبے پر موجود تصویری انتباہ

سیکشن 8 کے تحت پاکستان میں کھلی سگریٹ بیچنا منع ہے
سیکشن 8 کے تحت پاکستان میں کھلی سگریٹ بیچنا منع ہے

مزید پڑھیے: پاکستان: ’تمباکو سے لاحق امراض کے علاج پر سالانہ 140 ارب روپے کے اخراجات‘

بچوں کو سگریٹ نوشی سے بچانے کے لیے ماں باپ کو آنکھیں کھلی رکھنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ

  • ان کا بچہ جس اسکول یا کالج جاتا ہے اس کے اردگرد سگریٹ کی دکانیں تو موجود نہیں ہیں۔ اگر ہیں تو فوراً اس کی اطلاع قریبی تھانے میں دیں۔
  • عوامی مقامات پر لوگ سگریٹ پیتے نظر آئیں تو انہیں نرمی سے منع کریں۔
  • کھلی سگریٹ بیچنا بھی قانوناً جرم ہے کیونکہ کھلی سگریٹ زیادہ تر بچے خریدتے ہیں۔ ان کے پاس عموماً سگریٹ کا پورا پیکٹ خریدنے کے پیسے نہیں ہوتے ہیں اور یہ پیکٹ گھر والوں سے چھپانا بھی بڑا مسئلہ ہوتا ہے اس لیے بچے کھلی سگریٹ خریدتے ہیں۔ اگر کسی دکان پر کھلی سگریٹ فروخت ہوتی نظر آئے تو بھی قانونی مدد حاصل کریں۔

پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کو روکنے کے لیے معاشرے کے تمام ہی طبقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا اور اس حوالے سے صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی جانب سے ایک فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

تمباکو نوشی کے رجحان میں محض حکومت کی کوششوں سے کمی نہیں آسکتی، بلکہ اس کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی کی ضرورت ہے جس میں عوامی حلقوں اور میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

شبینہ فراز

شبینہ فراز سینئر صحافی ہیں، پچھلے 15 برسوں سے ماحولیات کے موضوع پر لکھ رہی ہیں۔ آپ کو مختلف ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ہے۔ آپ غیر ملکی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھنے کے ساتھ ساتھ مختلف بین الاقوامی فیلو شپ بھی حاصل کرچکی ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (16) بند ہیں

Muhammad Suhail Yusuf Yousuf Aug 01, 2019 06:39pm
نہایت عمدہ تحریر، اس کا سب سے خوفناک پہلو تو وہ نوجوان نسل ہے جو تیزی سے سگریٹ نوشی کی طرف جارہی ہے۔ مضمون کو حوالوں سے اور بہتر بنادیا گیا ہے اور اسے تمام والدین کو پڑھنا چاہیے۔ دوسری بات یہ ہے کہ تمباکو نوشی کے خلاف میڈیا پر بھی ایک مہم کی ضرورت ہے تاکہ اس کے خوفناک اثرات سے ماحول اور انسان دونوں کو بچایا جاسکے۔ اس اہم کاوش پر فاضل مصنفہ اور ڈان لائق صد تحسین ہیں۔
فرح سہیل Aug 01, 2019 07:02pm
ایک اچھی تحریر اور ڈان کو ایسی تحریروں کو شائع کرتے رہنا چاہیے۔ آرٹیکل میں حقائق اور انسانی داستان سے شروع کرکے ایک اچھا منظر باندھا گیا ہے۔ پھر والدین اپنے بچوں پر کس طرح نظر رکھ سکتے ہیں یہ ایک عمدہ اضافہ ہے۔ پاکستان کے کتنے ہسپتال ہیں جہاں کینسر، گردے، بلڈ پریشر اور امراض قلب کے مریض آتے ہیں۔ ان کی بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے۔ بحرکیف، یہ ایک عمدہ اور تفصیلی مضمون ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
Ahsan Tariq Aug 01, 2019 07:22pm
سب سے پہلے تو میں آپ کا شکریہ ادا کروں گا کہ آپ نے اتنی معلومات سے بھرپور تحریر لکھی جس میں نہ صرف عام زندگی میں نہ نظر آنے والے اقدامات پر روشنی دالی گئی بلکہ اس میں سیگریٹ نوشی جیسے مرض سے متاثر ہونے والے جاندار وں کو بھی بچانے کی کوشش کی ہے۔ خاص کر اس معاشرے کے اس ناسور کے خاتمے کے لئے بنائے گئے قوانین سے متعلق بتایا گیا۔
Abdul Haseeb Aug 01, 2019 08:26pm
شبینہ مہم بہترین طریقے سے ہماری رہنمائی کرتی ہے۔۔۔
muhammad Judge Aug 01, 2019 09:55pm
Bohat alla, I salute you for bringing awareness of this silent killer.Keep up the good work. Muhammad Judge from Canada.
Muhammad Kashif Mirza Aug 01, 2019 10:01pm
This is an excellent piece by Shabina. The connection you establish Tobacco and environment issue is much missing eliminate. Without a second opinion Tobacco consumption is like an elephant in a room and we are ignoring. 1000 to 1200 kids becoming smoker every single day. 160000 death per year highly alarming.
ماریہ Aug 01, 2019 10:43pm
ایک انتہاٸی بہترین آرٹیکل ہے سگریٹ نوشی کے خلاف میڈم نے مہم کاآغاز کیا اس میں ہم ساتھ ہے ۔سگریٹ نوشی نہ صرف پینے والے کے لیے خراب ہے بلکہ پورے معاشرے ہی نہیں پرماحولیات پر اس کے برااثرات ہوتے ہیں ۔ایک بارپھر کہوں گی میڈم کی ایک بہترین کاوش ہے جس کی تعریف کی جاٸے وہ ہم ہے
سیدہ نازاں جبیں Aug 02, 2019 12:10am
معلومات سے بھرپور دعوت فکر دیتی ہوئی تحریر ہے. بہت سی باتوں کا علم اسے پڑھنے کے بعد ہوا.
شیما صدیقی Aug 02, 2019 10:19am
بہت اچھا ، معلوماتی اور تحقیقی مضمون ، جو دل سے لکھا گیا ۔
شیما صدیقی Aug 02, 2019 10:20am
بہت اچھا لکھا گیا مضمون، جس میں تحقیقی ،معلوماتی اور دلچسپ پیرائے میں دل سے لکھی گئی تحریر ۔
fariha fatima Aug 02, 2019 02:40pm
Very well written Shabina!
Tayyab Shafique Aug 02, 2019 03:08pm
Well written and informative, as per my opinion very few writers in our country are highlighting such type of major issues
Tayyab Shafique Aug 02, 2019 03:09pm
@fariha fatima bilkul
Mahpara Aug 02, 2019 07:23pm
Deep writing, Well I'am a chemist too I know the hazarads of smoking but people usually dont know its really good to see such master piece hope people get some tricks and knowledge and get aware. GOOD WORK SHABINA
جاوید حسن Aug 02, 2019 09:55pm
اچھا اور بہت معلوماتی مضمون؛ تحریر؛ اس کے پس منظر میں وڈیو بننا چاہئے؛ اس سلسلے میں تفصیلی رائے کل دوں گا شکریہ
محمد اسحاق Sep 04, 2019 05:02pm
نہایت عمدہ تحریر میں بھی سگریٹ نوشی کررہا تھا اب اللّٰہ کا شکر ہے کہ اس عذاب سے چھٹکارا مل گیا ہے بہت خراب اور ناپید چیز ہے انسانی صحت میں بہت مشکلات پیدا کررہا ہے بہت اچھا ہوا کہ آپ نے ایسی عمدہ کالم لکھے ہم اس مہم میں آپکے ساتھ ہے حکومت وقت کو چاہیے کہ کمپنیوں کے دباؤ کے بالاتر عوام کے مفاد میں فیصلہ کی جائے اور سگریٹ پر پابندی لگائی جائے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024