• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع July 26, 2019 اپ ڈیٹ August 1, 2019
کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا امیرے لیے اعزاز تھا — فوٹو: اے پی
کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا امیرے لیے اعزاز تھا — فوٹو: اے پی

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تاہم وہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں محمد عامر نے کہا کہ ’کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرسکوں‘۔

محمد عامر نے کہا کہ ’میرا اصل مقصد قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے اور مستقبل میں مختلف میچز اور آئندہ برس آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا بہترین کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا‘۔

مزید پڑھیں: محمد عامر کی ورلڈ کپ میں کیریئر کی بہترین باؤلنگ

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ کچھ عرصے سے ریٹائرمنٹ سے متعلق سوچ رہے تھے لیکن ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسان نہیں تھا‘۔

محمد عامر نے کہا کہ ’آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ قریب ہے اور پاکستان میں بہترین نوجوان فاسٹ باؤلرز موجود ہیں اس لیے بہتر ہے کہ میں ریٹائر ہوجاؤں تاکہ سلیکٹرز انہیں قومی ٹیم میں جگہ دے سکیں‘۔

انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ٹیم کے تمام ساتھی کھلاڑیوں اور مخالفین کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ایک اعزاز تھا۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہم اسی عزم اور حوصلے کے ساتھ محدود دورانیے کی کرکٹ بھی کھیلتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد عامر وائرل انفیکشن کا شکار، ورلڈکپ اسکواڈ میں شرکت مشکوک

محمد عامر نے کہا کہ ’مجھے اپنے سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع فراہم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے تمام کوچز کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے کیرئیر کے مختلف مراحل میں رہنمائی کی۔

محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف میچ سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 36 ٹیسٹ میچز میں 30.47 اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے اپریل 2017 میں کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرکے بہترین پرفارمنس دکھائی تھی۔

قومی ٹیم، عامر کی کمی محسوس کرے گی، ایم ڈی پی سی بی

ٹیسٹ کرکٹ سے محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر پی سی بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کہا کہ ’عامر کا شمار ٹیسٹ کرکٹ میں موجودہ دور کے بہترین فاسٹ باؤلرز میں ہوتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بطور نوجوان کرکٹر محمد عامر نے مشکلات پر قابو پایا اور نہ صرف ایک کرکٹر بلکہ ایک بہتر انسان بھی بنے‘۔

ایم ڈی پی سی بی نے کہا کہ ۔قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میدان اور ڈریسنگ روم میں ان کی کمی محسوس کریں گے‘۔

محمد وسیم نے کہا کہ ’ ہم محمد عامر کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور امید ہے وہ کرکٹ کے دیگر فارمیٹ میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024