'آج تک کسی خاتون نے شادی کی پیشکش نہیں کی'
بولی وڈ دبنگ اداکار 53 سالہ سلمان خان سے ان کے کیریئر میں اگر ایک سوال سب سے زیادہ پوچھا گیا تو یہ ہے کہ وہ کب اور کس سے شادی کریں گے۔
اداکار کا نام اتنے سالوں میں کئی اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا گیا، تاہم سلمان نے اپنے ایک نئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اب تک کسی خاتون نے خود سے انہیں شادی کی پیشکش نہیں کی۔
فلم فیئر کو دیے ایک انٹرویو میں سلمان خان سے ان کی حال ہی میں ریلیز فلم 'بھارت' کے ایک سین کے حوالے سے سوال کیا گیا جس میں فلم کی مرکزی اداکارہ کترینہ کیف اداکار کو شادی کی پیشکش دیتی نظر آئیں۔
مزید پڑھیں: 'باپ بننا چاہتا ہوں لیکن بیوی کی خواہش نہیں'
اس سین پر بات کرتے ہوئے سلمان خان نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ 'میری زندگی میں اب تک ایسا نہیں ہوا، کیوں کہ شاید میں بہت رومانوی نہیں، میں کینڈل لائٹ ڈنر نہیں کرتا، کیوں کہ اندھیرے میں مجھے دکھائی ہی نہیں دے گا کہ میں کیا کھا رہا ہوں، لیکن مجھے بےحد دکھ ہوتا ہے کہ کسی نے خود سے کبھی مجھے شادی کا نہیں کہا'۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان خان کے حوالے سے طویل عرصے سے خبریں سامنے آرہی ہیں کہ وہ اپنی قریبی دوست رومانیہ کی گلوکارہ و ماڈل یولیا ونتور کے ساتھ تعلق میں ہیں۔
یہ دونوں ایک ساتھ متعدد ایونٹس میں ساتھ بھی نظر آتے ہیں۔
اس سے قبل سلمان خان کا افیئر اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ رہا، اس کے علاوہ ان کی منگنی سنگیتا بجلانی کے ساتھ بھی ہوئی۔
سلمان خان نے کیریئر کے شروع میں ان کا افیئر ایشوریا رائے بچن کے ساتھ بھی رہا، جو طویل عرصے جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا۔
اس تمام تعلقات کے باوجود سلمان خان کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ آج تک کسی خاتون نے انہیں شادی کی پیشکش نہیں دی۔
یاد رہے کہ سلمان خان کا کترینہ کیف کے ساتھ افیئر بھی اس وقت ختم ہوا جب اداکارہ نے سلمان خان کو چھوڑ کر رنبیر کپور میں دلچسپی دکھانا شروع کردی۔
سلمان اور کترینہ ایک ساتھ کئی فلموں کا حصہ بھی بن چکے ہیں، تاہم اب یہ دونوں ایک دوسرے کو اپنا اچھا دوست مانتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان پریانکا چوپڑا سے ناراض کیوں؟
ان دونوں کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم 'بھارت' کو تجزیہ کاروں کے ملے جلے ریویوز موصول ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ کترینہ سے قبل پریانکا چوپڑا کو فلم بھارت میں کاسٹ کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا، تاہم پریانکا نے آخری موقع پر فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
انٹرویو میں سلمان خان کا اس ہی حوالے سے کہنا تھا کہ کترینہ ہی فلم کا پہلا انتخاب تھیں، البتہ پریانکا نے فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر اور میری بہن اور فلم کی مشترکہ پروڈیوسر الویرا اگنی ہوتری سے رابطہ کیا کہ وہ اس فلم کا حصہ بننے کی خواہش مند ہیں، لیکن شوٹنگ سے پانچ روز قبل پریانکا نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا کیوں کہ وہ امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کرنے جارہی تھیں۔
فلم 'بھارت' نے دنیا بھر کے باکس آفس پر اب تک 300 کروڑ روپے کمالیے ہیں، سلمان خان کی اگلی فلم 'دبنگ 3' ہے جس کی شوٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔