اگلے ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کی بہترین پیشہ ورانہ ٹیم بھیجیں گے، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ میں اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ کے لیے پیشہ ورانہ ٹیم تیار کر کے بھیجی جائے گی۔
امریکا کے دورے پر موجود عمران خان نے کیپیٹل ارینا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد میں نے کرکٹ میں اصلاحات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگلے ورلڈ کپ میں ہم پیشہ ورانہ اور بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھیجیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کو اصولوں کے مطابق چلانا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایسے باصلاحیت لوگوں سے نوازا ہے کہ جو دنیا بھر میں جا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں.
1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ میں نے انگلینڈ میں کرکٹ سیکھی اور دیگر کھلاڑیوں کے کھیل کا معیار بلند کرنے کے لیے انہیں بھی سکھایا۔
عمران خان نے کہا کہ وہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں اصلاحات کریں گے تاکہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو موقع مل سکے اور پاکستان پھر سے تمام کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سسٹم ٹھیک کریں گے اور نظام ایسا لے کر آئیں گے کہ پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا
وزیر اعظم پاکستان امریکا کے دورے پر موجود ہیں اور آج وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے۔