ترکی: تارکین وطن کی گاڑی کو حادثہ، ہلاک افراد میں پاکستانی بھی شامل
انقرہ: ترکی کے مشرقی علاقے میں تارکین کو وطن کو لے جانے والی گاڑی کھائی میں گرنے سے 16 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ترک حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے تارکین وطن کا تعلق پاکستان افغانستان اور بنگلہ دیش سے تھا۔
ترکی کی سرکاری خبررساں ادارے اناطولو سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے وان کے گورنر مہمت امین بینمیز نے بتایا کہ گاڑی کھائی میں گرنے سے 51 افراد زخمی بھی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ترکی میں ایف آئی اے کے دفتر کا قیام
رپورٹس کے مطابق ترکی اور ایران کے سرحد کے قریب صوبے وان کے علاقے اوزالپ میں گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
وان کے گورنر نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 51 زخمی افراد میں کچھ کی حالت تشیوشناک ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور پہلے بھی تارکین وطن کو اسمگل کرنے کے مقدمے کا سامنا کرنا چکا تھا، مذکورہ حادثے میں اس کی بھی ہلاکت ہوگئی۔
مزید پڑھیں؛ انسانی اسمگلنگ: بڑھتا ہوا غیر قانونی کاروبار
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند سالوں کے دوران بڑی تعداد میں تارکین وطن ترکی میں داخل ہوئے جہاں سے وہ سمندر اور خشکی کے راستے غیر قانونی طور پر یورپی ممالک جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ترکی کے ساحل سے سمندر کے راستے قریبی یونانی جزیروں تک پہنچنے کے خطرناک سفر کے دوران متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی ترکی کے شمال مغربی علاقے میں یونان اور ترکی کی سرحد کے قریب ایک وین کو رکنے کا حکم دیا گیا جس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں وہ دیوار میں جا ٹکرائی تھی۔
اس حادثے کے نتیجے میں 10 تارکین وطن ہلاک ہوئے تھے۔