پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں بارش اور سیلاب سے تباہی
پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی جبکہ گھروں کے بہنے اور مٹی کے تودے گرنے سے 200 سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے۔
پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال میں مون سون بارشوں کے سبب مچنے والی تباہی سے اب تک کم و بیش 180 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ امدادی کاموں میں مشکلات کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بارش کے سبب سب سے زیادہ ہلاکتیں نیپال میں ہوئیں جہاں 67افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ بھارت میں 50، بنگلہ دیش میں 34 اور پاکستان میں 24 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔
لاہور میں منگل کو شدید بارش سے پورا شہر زیر آب آ گیا، مجموعی طور پر 142ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور کئی مواقعوں پر گاڑیاں اور مکانات پانی میں ڈوب گئے جبکہ بارشوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔
آزاد کشمیر میں بارش کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد مکان و دکانیں تباہ ہونے سے سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے۔