گلیکسی نوٹ 10 کی قیمت کیا ہوگی؟
سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 10 ویسے تو 7 اگست کو متعارف کرایا جائے گا مگر اس کے تمام تر فیچرز اور تصاویر پہلے ہی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں۔
یعنی فون کے بارے میں سب کچھ آفیشل ایونٹ سے پہلے ہی سامنے آچکا ہے اور اب اس کا جو راز یعنی قیمت بھی ایک رپورٹ میں لیک ہوگئی ہے جو کہ ہوش اڑا دینے والی ہے۔
خیال رہے کہ مختلف لیکس کے مطابق پہلی بار سام سنگ کی جانب سے گلیکسی نوٹ سیریز کے فون کو 2 مختلف ورژن میں متعارف کرایا جائے گا، ایک گلیکسی نوٹ 10 اور دوسرا گلیکسی نوٹ 10 پلس۔
جرمن ویب سائٹ ون فیوچر نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ گلیکسی نوٹ 10 کی قیمت یورپ میں 999 یورو (ایک لاکھ 77 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔
دوسری جانب گلیکسی نوٹ 10 پلس کی قیمت 1159 یورو (2 لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔
یہ قیمتیں یورپ کے لیے ہیں تو دیگر مارکیٹوں میں یہ مختلف ہوسکتی ہیں مگر یہ توقع نہ رکھیں کہ یہ اس سے سستے ہوں گے۔
نوٹ سیریز یہ ان دونوں فونز میں بیسک اسٹوریج 256 جی بی سے شروع ہوگی جو کہ گلیکسی ایس 10 سے ڈبل ہے، جس کی وجہ نوٹ 10 میں ممکنہ طور پر مائیکرو ایس ڈی سپورٹ نہ دیئے جانے کا امکان ہے۔
یہ سام سنگ کا پہلا فون ہوگا جس میں اوپری اور نچلے بیزل کو لگ بھگ ختم کردیا گیا ہے جبکہ پنچ ہول کیمرا سائیڈ کی بجائے اسکرین کے اوپر سینٹر میں دیاج ائے گا۔
مختلف افواہوں کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 کا ایک ماڈل 6.75 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگا جبکہ دوسرے ورژن میں 6.3 انچ ڈسپلے دیا جائے گا۔
اس سے قبل مختلف لیکس میں یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ گلیکسی نوٹ 10 میں 45 واٹ چارجنگ اسپیڈ دیئے جانے کا امکان ہے جو کہ پہلی بار جنوبی کورین کمپنی کے کسی فون میں دی جائے گی۔
ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ گلیکسی نوٹ پلس میں سپر امولیڈ ڈسپلے کے ساتھ ایکسینوس 9828 پراسیسر یا اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر دیا جائے گا۔
اس فون میں اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم ہوگا مگر اسے بعد میں اینڈرائیڈ کیو سے اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔
پہلی بار گلیکسی نوٹ 10 میں بیک پر تین کیمروں کا سیٹ اپ دیا جارہا ہے جبکہ فلیش کو اس کے برابر میں منتقل کیا جارہا ہے۔
اسی طرح گلیکسی نوٹ 10 پلس میں بیک پر تین کی بجائے 4 کیمرے ہوں گے، مگر ایک کیمرا تھری ڈی ٹائم آف لائٹ سنسر سے لیس ہوگا۔