• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

زیادہ بیٹھنے کے عادی ہیں؟ تو اس عادت کو فوری بدل دیں

شائع July 11, 2019
— فوٹو/ شٹراسٹاک
— فوٹو/ شٹراسٹاک

ہم سب نے بہت زیادہ بیٹھنے کے ممکنہ طبی نقصانات کے بارے میں سن رکھا ہوتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دن بھر میں کتنا بیٹھنا آپ کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے اور اس سے آپ کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں؟

درحقیقت دن بھر میں تین گھنٹے سے زیادہ بیٹھنا نقصان دہ ہوتا ہے اور اگر آپ زیادہ وقت کھڑے ہوکر گزارتے ہیں تو یہ عادت زندگی کی مدت میں اضافہ کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔

ہمارا بیٹھے رہنے کا سست طرز زندگی ہماری صحت پر کس حد تک نقصان دہ ہوتا ہے وہ آپ کو حیران بلکہ پریشان کرسکتا ہے۔

دل کے دورے کا خطرہ

جرنل میڈیسین اینڈ سائنس کی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ اپنے دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں ان میں دل کے دورے سے ہلاکت کا خطرہ جسمانی طور پر متحرک افراد کے مقابلے میں 54 فہصد زیادہ ہوتا ہے، درحقیقت بیٹھے رہنے کی عادت سنگین امراض قلب کا سب سے بڑا سبب ہوتی ہے۔

توند اور کولہوں کا بھاری ہونا

ایک تحقیق کے مطابق مخصوص جسمانی اعضاءپر دباﺅ برقرار رکھنے سے ان کی جسامت میں پچاس فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے اور اس تناظر سے دیکھا جائے تو سست طرز زندگی سے موٹاپے کا تعلق صاف نظر آجاتا ہے، کیونکہ بیٹھے رہنے سے جسم کی چربی پیٹ اور کولہوں کی جانب منتقل ہوجاتی ہے جس سے وہ بھاری اور مختلف امراض کا سبب بن جاتے ہیں۔

ذیابیطس کا خطرہ بڑھتا ہے

امریکا کی مسوری یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق دن کا زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد میں ذیابیطس، موٹاپے اور جگر کے امراض کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے، چاہے ایسے لوگ روزانہ ورزش کے بھی عادی ہوں مگر ذیابیطس جیسا جسم کو دیمک کی طرح چاٹ لینے والا مرض انہیں اپنا شکار بنا ہی لیتا ہے۔

ٹی وی کے سامنے کچھ منٹ بھی نقصان دہ

برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسین میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ٹی وی کے سامنے گزارے جانے والا ہر گھنٹہ معیاد زندگی میں بائیس منٹ کم کردیتا ہے، اور اگر آپ روزانہ چھ گھنٹے ٹیلیویژن کے سامنے گزارتے ہیں تو یہ سنگین سست طرز زندگی زندگی کے عرصے میں پانچ سال تک کمی کردیتا ہے۔

کینسر سے تعلق

ایک تحقیق کے مطابق جسمانی سرگرمیوں کے مقابلے میں بیٹھے رہنے سے بریسٹ اور آنتوں کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور ہرسال دنیا میں اس طرح کے لاکھوں کینسر کے کیسز سامنے آتے ہیں تاہم دن بھر میں آدھے گھنٹے تک تیز چہل قدمی سے اس مسئلے سے کسی حد تک بچا جاسکتا ہے۔

موت کا خطرہ بڑھا دیتا ہے

امریکن جرنل آف ایپڈیمیولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ چھ یا اس سے زائد گھنٹوں تک بیٹھنے والی خواتین میں اگلے تیرہ برسوں میں کسی بھی مرض کے ہاتھوں موت کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، جبکہ مردوں میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 18 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024