'میلیفسنٹ' میں انجلینا جولی کی نئی دنیا متعارف
ہولی وڈ کی کامیاب اداکارہ انجلینا جولی نے 5 سال قبل ڈزنی کی 'میلیفسنٹ' میں جلوہ گر ہوکر اپنے کردار اور انداز سے سب کو حیران کردیا تھا اور اب اتنے سالوں بعد اداکارہ دوبارہ اس کردار میں واپسی کررہی ہیں۔
فلم میلیفسنٹ کا سیکوئل ’میلیفسنٹ: مسٹرس آف ایول‘ کے ٹیزر کے بعد اب اس کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے، جس میں ایک نئی جادوئی دنیا متعارف کروائی گئی ہے۔
انجلینا اس فلم میں ایک مرتبہ پھر جادوگرنی کے دلچسپ کردار میں نظر آئیں گی۔
مزید پڑھیں: نئی ’میلیفسنٹ‘ میں انجلینا جولی ولن بن گئیں
یاد رہے کہ 2014 کی فلم ’میلیفسنٹ‘ 1959 کی ڈزنی کی کامیاب کارٹون فلم ’سلیپنگ بیوٹی‘ سے متاثر ہوکر بنائی گئی تھی، تاہم اس فلم کی کہانی میں جادوگرنی کا کردار منفی سے مثبت میں تبدیل کردیا گیا تھا۔
رواں سال مئی میں فلم کے سیکوئل ’میلیفسنٹ: مسٹرس آف ایول‘ کے پہلے ٹیزر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوا تھا کہ اب ہولی وڈ اداکارہ کا مثبت کردار تبدیل ہوچکا ہے اور اب وہ فلم کی ولن بن رہی ہیں۔
تاہم اب ٹریلر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ ولن نہیں بنے بلکہ فلم کے دیگر اداکار انہیں ولن ظاہر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’میلیفسنٹ‘ کا سیکوئل جلد بنے گا
نئی فلم کی کہانی مصنف لنڈا ولورٹن نے تحریر کی ہے، جبکہ اس کی ہدایات جوئچم روننگ نے دی۔
فلم ’میلیفسنٹ: مسٹرس آف ایول‘ رواں سال 18 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔