• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'رانا ثنا اللہ کو عالمی گروہ کی نشاندہی کے بعد گرفتار کیا گیا'

شائع July 4, 2019
لیگی رہنما کی گاڑی سے برآمد ہونے والی منشیات بیرون ملک جانی تھی، شہریار آفریری — فوٹو: ڈان نیوز
لیگی رہنما کی گاڑی سے برآمد ہونے والی منشیات بیرون ملک جانی تھی، شہریار آفریری — فوٹو: ڈان نیوز

وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو عالمی گروہ کی نشاندہی کے بعد گرفتار کیا گیا، ان کی گرفتاری کے لیے ان کی گاڑی کی مسلسل 3 ہفتوں سے نگرانی کی جاتی رہی ہے۔

اسلام آباد میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل عارف کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی رکن اسمبلی قانون سے بالا تر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے نکلنے والی 15 کلو ہیروئن کا معاملہ نہیں بلکہ یہ ملک کی سالمیت کا معاملہ ہے، جب ایسے معاملات میں ایوان میں بیٹھنے والے منشیات فروشی کے کاروبار میں عمل دخل ہو تو قوموں کے جنازے نکلتے ہیں۔

شہریار آفریدی نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے برآمد ہونے والی منشیات پہلے فیصل آباد اور پھر لاہور جانی تھی جس کے بعد یہ ملک سے باہر چلی جاتی۔

مزید پڑھیں: 'عمران خان، رانا ثنا اللہ کی جان سے کھیل رہے ہیں'

انہوں نے مزید بتایا کہ اس تمام جرم میں بین الاقوامی گروہ ملوث ہے، جس کے کچھ کارندے گرفتار ہوئے اور ان کی نشاندہی پر ہی رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیگی رہنما کو گرفتار کرنے سے قبل ان کی نگرانی کی گئی اور پھر 3 ہفتوں کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔

شہریار آفریدی نے بتایا کہ یہ بڑے لوگ ہیں، ان کی گاڑیوں میں منشیات اسمگلنگ ہوتی ہے، اور ان کی گاڑیوں کو ناکے پر روکا نہیں جاتا اور نہ ہی ان کی تلاشی لی جاتی ہے۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ تین بار ایسا ہوا کہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ ان کے گھر کی خواتین ہونے کی وجہ سے انہیں گاڑی میں منشیات ہونے کے باوجود گرفتار نہیں کیا گیا اور یہاں ملکی فورسز نے اقدار کا خیال رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت کی جرائم کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی ہے اور اس میں بڑے مگرمچھوں کو بھی پکڑا جائے گا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ ملک میں منشیات کی لعنت سے جان چھڑانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا اور اس سے چھٹکارا حاصل کرنے پڑے گا۔

اس موقع پر ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس کا کہنا تھا کہ ملک میں اے این ایف ایک پیشہ ور فورس ہے جس نے متعدد کامیاب کارروائیاں کیں۔

میجر جنرل عارف کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات کے لیے ملک ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا ہے کیونکہ یہ ایک ناسور ہے جو ہمارے تعلیمی اداروں تک پہنچ چکا ہے۔

مزید پڑھیں: رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے پیچھے جعلی اعظم ہیں، مریم نواز

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے پاس رانا ثنا اللہ کے خلاف ثبوت ہیں جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا، کیونکہ اے این ایف بغیر ثبوت کسی کے خلاف کارروائی نہیں کرتی۔

رانا ثنا اللہ کی گرفتاری

خیال رہے کہ یکم جولائی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے ان کی گاڑی سے منشیات برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں 2 جولائی کو اے این ایف نے لیگی رہنما کو عدالت میں پیش کیا گیا جس کے بعد انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اسے انتقامی کارروائی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024