• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

تربت میں دستی بم حملہ، 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی

شائع July 3, 2019
پولیس کے مطابق حملے کا نشانہ وہاں پر تعینات پولیس اہلکار تھے — فائل فوٹو/رائٹرز
پولیس کے مطابق حملے کا نشانہ وہاں پر تعینات پولیس اہلکار تھے — فائل فوٹو/رائٹرز

بلوچستان کے شہر تربت میں دستی بم حملے سے 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گرد بلیدہ اسٹاف کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بظاہر حملے کا نشانہ وہاں پر تعینات پولیس اہلکار تھے'۔

واقعے کے بعد پولیس اور فرٹیئر کورپس (ایف سی) کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: مستونگ میں کالعدم تنظیم کے 9 ’دہشت گرد‘ ہلاک

فی الوقت حملے کی کسی بھی تنظیم کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ رواں سال بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں۔

جنوری کے مہینے میں بھی بلوچستان کے ضلع لورالئی میں ڈپٹی انسپیکٹر جنرل پولیس کے دفتر پر فائرنگ اور خودکش حملہ ہوا تھا جس میں 8 پولیس اہلکار اور ایک شہری جاں بحق ہوا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملے میں 21 افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن میں 12 پولیس اہلکار اور 9 شہری تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: دہشت گردوں کے حملے میں 2 ایف سی اہلکار شہید

اس کے چند دن بعد ہی بلوچستان میں ایک دن میں ہونے والے 2 دھماکوں سے 12 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں 3 لیویز اہلکار اور ایک ایف سی اہلکار شامل تھا۔

بعد ازاں اس ہی مہینے کوئٹہ میں امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مبینہ خودکش بمبار کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

مئی میں کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں قائم ماریکیٹ میں آئی ای ڈی دھماکے سے 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔

دھماکے میں 2 پولیس اہلکار اور 7 شہری زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ ایک پولیس وین پوری طرح سے تباہ ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024