یکم جولائی سے ریلوے کرایوں میں 7 فیصد تک اضافہ
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ریلوے کے اخراجات میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے یکم جولائی سے ریلوے کرایوں میں 6 سے 7 فیصد اضافہ کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اکانومی کلاس میں 100 روپے تک کرایے میں اضافہ ہوگا تاہم 50 کلومیڑ تک سفر پر کرایہ نہیں بڑھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پڈعیدن میں مال گاڑی کو حادثہ، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر
وفاقی وزیر نے کہا کہ جوریلوے ٹکٹیں خریدی جاچکی ہیں ان پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ریلوے حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں انسانی غلطی ظاہر ہوئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 15 دن میں حیدرآباد حادثے کی مکمل رپورٹ منظر عام پر آجائے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کی فلاح وبہبود میرامشن ہے اور اسی ضمن میں ریلوے کے تمام ڈرائیوروں کے میڈیکل فٹنس کے لیے والٹن بھیجا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے میں ملازمین کی حاضری کا بائیو میٹرک نظام شروع کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حیدر آباد کے قریب مسافر ٹرین کی مال گاڑی کو ٹکر، 3 افراد ہلاک
ان کاکہنا تھا کہ کوئی افسر 3 برس سے زیادہ پوسٹ پر نہیں رہے گا اور 92 میں سے 72 افسران کا ٹرانسفر کردیا ہے۔
خسارے سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے کے خسارے میں بتدریج کمی ہورہی ہے لیکن اگر ریلوے کا 3 ارب روپے کا خسارہ کم نہیں کیا تو قوم سے وعدہ خلافی ہوگی۔
شیخ رشید نے کراچی سے مزید 3 مال گاڑیاں چلانے کا عندیہ دے دیا۔
کرتارپور راہداری منصوبے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بھارتی سکھ یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی ہو گی کہ وہ خود کو گھر میں محسوس کریں گے۔
مزیدپڑھیں: مال گاڑی کو حادثہ، ملک بھر میں مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار
ایک سوال پر انہوں نے اپنے متعلق بتایا کہ ’شیخ رشید نے پارٹی نہیں بدلی باقی ہر کسی نے پارٹی اور بیانیہ بدلا‘۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں میثاق معیشت کا حامی ہوں۔
واضح رہے کہ 20 جون کو حیدر آباد کے قریب مسافر ٹرین کے مال گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس حیدر آباد کے قریب یوسف والا جانے والی کوئلے سے بھری مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔