• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm

حیدر آباد کے قریب مسافر ٹرین کی مال گاڑی کو ٹکر، 3 افراد ہلاک

شائع June 20, 2019
حادثے کے بعد ریلوے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
حادثے کے بعد ریلوے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

حیدر آباد کے قریب مسافر ٹرین کے مال گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس حیدر آباد کے قریب یوسف والا جانے والی کوئلے سے بھری مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔

ہسپتال انتظامیہ نے 3 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

دو ٹرینوں میں حادثہ مکلی شاہ ریلوے پارٹی کے قریب پیش آیا — فوٹو: محمد حسین خان
دو ٹرینوں میں حادثہ مکلی شاہ ریلوے پارٹی کے قریب پیش آیا — فوٹو: محمد حسین خان

ایس ایس پی ریلوے پولیس شہلا قریشی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہونے والی جناح ایکسپریس معمول کے مطابق اپنے ٹریک پر تھی لیکن مال گاڑی ٹریک سے الٹ گئی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ دو ٹرینوں میں حادثہ مکلی شاہ ریلوے پارٹی کے قریب پیش آیا اور جناح ایکسپریس نے مال گاڑی کو عقب سے ٹکر ماری۔

یہ بھی پڑھیں: پڈعیدن میں مال گاڑی کو حادثہ، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر

حادثے کے بعد مال گاڑی کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ ریلوے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور اور فائر گارڈ ہلاک ہوئے جبکہ ڈرائیور کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور ریسکیو کے عمل کو مانیٹر کر رہے ہیں، جبکہ ٹریک جلد کلیئر کر دیئے جائیں گے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت جناح ایکسپریس کے ڈرائیور اسلم چانڈیو، جبکہ دیگر دو کی سید نعمان علی اور یاسر بشیر کے ناموں سے ہوئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر حیدر آباد کو مسافروں کی ہر طرح کی مدد کرنے کی ہدایت کی۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024