بھارتی اداکارہ نے رکن اسمبلی کا حلف لینے سے قبل شادی کرلی
رواں برس ہونے والے بھارت کے لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے 17 ویں انتخابات میں ریاست مغربی بنگال سے الیکشن جیتنے والی بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ نصرت جہاں روحی نے جہاں رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر تصاویر کھچوا کر سب کو حیران کیا تھا۔
وہیں انہوں نے رکن لوک سبھا منتخب ہوتے ہی رواں ماہ 2 جون کو منگنی کرکے سب کو حیران کیا تھا۔
نصرت جہاں روحی نے ریاست مغربی بنگال سے آل انڈیا ترینیمول کانگریس (اے آئی ٹی سی) کی ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا اور وہ لوک سبھا کی نوجوان ترین رکن بھی ہیں۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی مرتبہ 28 مئی کو ساتھی اداکارہ مغربی بنگال سے ہی انتخابات جیتنے والی اداکارہ ممی چکربورتی کے ساتھ لوک سبھا پہنچی تھیں اور دونوں اداکاراؤں نے پارلیمنٹ کے باہر کھچوائی گئی تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔
دونوں اداکاراؤں کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اورکئی صارفین نے ان کی تصاویر پر کمنٹس کیے تھے کہ لوک سبھا کسی فلم کی شوٹنگ کا مقام نہیں۔
لوک سبھا کے باہر فلمی انداز میں تصاویر کچھوا کر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے شہرت حاصل کرنے کے بعد نصرت جہاں روحی نے رواں ماہ 2 جون کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔
اداکارہ اور منتخب رکن لوک سبھا نے شادی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، تاہم خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ لوک سبھا کا حلف لینے کے چند ہفتوں بعد شادی کرلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: رکن پارلیمنٹ منتخب ہوتے ہی بھارتی اداکارہ نصرت جہاں نے منگنی کرلی
لیکن نصرت جہاں روحی نے حلف لینے سے قبل ہی شادی کرکے ایک بار پھر سب کو حیران کردیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نصرت جہاں روحی نے لوک سبھا گذشتہ ہفتے ہونے والے پہلے اجلاس میں شرکت نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے تاحال حلف لیا ہے۔
نصرت جہاں روحی نے رکن لوک سبھا بننے سے زیادہ شادی کو اہمیت دی اور انہوں نے اپنے منگیتر کولکتا کے کاروباری شخص نکھل جین سے ترکی میں شادی کرلی۔
اداکارہ نے ہندوستانی رسومات کے تحت شادی کی، جس میں ان کی قریبی دوستوں سمیت اہل خانہ نے شرکت کی۔
نصرت جہاں روحی کی شادی میں ان کی قریبی دوست، اداکارہ اور ان کے ساتھ ہی نو منتخب ہونے والی رکن لوک سبھا ممی چکربورتی نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں: یہ فلم شوٹنگ کی جگہ نہیں پارلیمنٹ ہے، نصرت جہاں کو مداحوں کا جواب
اداکارہ نے شادی کے بعد شوہر کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔
خیال رہے کہ نصرت جہاں روحی لوک سبھا رکن منتخب ہونے والی 2 مسلمان خواتین میں سے ایک ہیں، ان کے علاوہ ان کی ہی ریاست مغربی بنگال سے ساجدہ احمد بھی رکن لوک سبھا منتخب ہوئی ہیں۔
نصرت جہاں روحی اور ساجدہ احمد سمیت مجموعی طور پر اس بار لوک سبھا کے انتخابات میں 78 خواتین کامیاب ہوئی تھیں
نصرت جہاں روحی بنگالی، تامل اور تیلگو سمیت بھارت کی دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں سمیت ہندی زبان میں بننے والے ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
نصرت جہاں روحی ٹولی وڈ یعنی تامل، تیلگو، بنگالی اور مراٹھی زبان میں فلمیں بنانے والی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ ہیں۔