لوگ فرنچ فرائیز کے ساتھ کیچپ کا استعمال کیوں کرتے ہیں؟
جب فرنچ فرائیز کا ذکر ہو تو اس کے ساتھ ہی کیچپ بھی ذہن میں ضرور آتا ہے کیونکہ اس کے بغیر آلو کے یہ چپس ادھورے لگتے ہیں۔
مگر لوگ آخر فرنچ فرائیز پر کیچپ ڈال کر کیوں کھاتے ہیں اور ایسا کب سے ہورہا ہے یا کیوں ہوا؟
تو اس کا جواب کافی دلچسپ ہے کیونکہ ان دونوں کا تعلق آپ کے خیالات سے زیادہ پیچیدہ ہے۔
تو اس بارے میں آغاز سے جانیں۔
کیچپ کب ایجاد ہوا؟
کیچپ کئی صدیوں پہلے سے دنیا میں موجود ہے مگر اس وقت یہ بالکل مختلف شکل یا طرز کا تھا، درحقیقت کیچپ کی ابتدائی شکل میں ٹماٹر کا استعمال نہیں ہوتا تھا بلکہ چین میں اس کے لیے نمکین مچھلی کا استعمال ہوتا تھا، جو کہ پڑھنے میں آج کے کیچپ جیسا لذیذ کسی صورت محسوس نہیں ہوگا۔ سرخ ٹماٹر سے کیچپ بننے کا آغاز 1900 کی ابتدا میں ہوا اور بتدریج دنیا بھر میں پھیل گیا جبکہ 1970 کی دہائی میں کارن سیرپ کے استعمال سے اس میں ایک اور تبدیلی آئی۔
کیا لوگ کیچپ سے پہلے فرنچ فرائیز کھاتے تھے؟
جب یورپ میں 1800 کی ابتدا میں فرنچ فرائیز کو مقبولیت حاصل ہونا شروع ہوئی تو اس وقت موجودہ شکل میں کیچپ ایجاد ہی نہیں ہوا تھا، بیلجیئم جہاں فرنچ فرائیز کی پیدائش ہوئی، وہاں انہیں مایونیز کے ساتھ کھایا جاتا تھا۔
ان دونوں کا ملاپ کیسے ہوا؟
1800 کے اختتام کے قریب فرنچ فرائیز کے ساتھ کیچپ کے استعمال کی مختلف رپورٹس موجود ہیں مگر امریکا میں اس کو مقبولیت 1940 کی دہائی میں حاصل ہوئی کیونکہ اکثر لوگ خالی چپس کھانا زیادہ پسند نہیں کرتے تھے جبکہ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کو بھی اس زمانے میں مقبولیت مل رہی تھی، جنہوں نے لوگوں کے اندر مزیدار سرخ چٹنی میں فرنچ فرائیز ڈبو کر کھانے کے رجحان کو فروغ دیا۔ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس میں ہی فرنچ فرائیز کے ساتھ کیچپ رکھنے کا سلسلہ شروع ہوا اور اب اس کے بغیر یہ چپس ادھورے محسوس ہوتے ہیں۔