کترینہ کیف اور سلمان خان 'ٹائیگر 3' کے لیے پھر سے اکٹھے
بولی وڈ کی کامیاب اسکرین جوڑی اداکار سلمان خان اور کترینہ کیف ایک ساتھ کئی کامیاب فلموں میں کام کرنے کے بعد اب اپنی فلم سیریز 'ٹائیگر' کے تیسرے حصے کے لیے پھر اکٹھے ہوگئے۔
ان دونوں اداکاروں کی فلم 'بھارت' بھی رواں سال عید کے موقع پر ریلیز ہوئی، جو بھارتی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔
اس فلم کی ہدایات علی عباس ظفر نے دی تھی، اور اب انہوں نے اپنی کامیاب فلم سیریز 'ایک تھا ٹائیگر' کے تیسرے حصے کو بنانے کا اعلان کردیا۔
علی عباس ظفر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے اس فلم کی کہانی مکمل کرلی ہے جبکہ اس کا اسکرپٹ بھی تحریر کیا جاچکا ہے، فلم کی شوٹنگ کا آغاز 2020 میں ہوگا۔
مزید پڑھیں: ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی نمائش پر پاکستان میں پابندی
ہدایت کار کے مطابق وہ فلم کے حوالے سے دونوں مرکزی اداکار سلمان خان اور کترینہ کیف اور پروڈیوسر ادیتیہ چوپڑا سے بھی بات کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم 'ایک تھا ٹائیگر' 2012 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں سلمان اور کترینہ نے خفیہ ایجنسی کے جاسوس کا کردار نبھایا تھا۔
اس فلم کا سیکوئل 'ٹائیگر زندہ ہے' 2017 میں ریلیز ہوا اور یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔
اور اب یہ دونوں اداکار اس سیریز کی تیسری فلم میں اپنے ان ہی کرداروں کو نبھاتے نظر آئیں گے۔
فی الحال سلمان خان اپنی فلم 'دبنگ 3' کی شوٹنگ کا آغاز کرنے جارہے ہیں، جبکہ کترینہ بھی اپنی فلم 'سوریا ونشی' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔