• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بانی ایم کیو ایم الطاف حسین لندن میں گرفتار

شائع June 11, 2019 اپ ڈیٹ June 12, 2019
الطاف حسین کو گرفتار کرکے مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا—فوٹو: ایم کیو ایم ویب سائٹ
الطاف حسین کو گرفتار کرکے مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا—فوٹو: ایم کیو ایم ویب سائٹ

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کرلیا گیا۔

میٹرو پولیٹن پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو پاکستان میں کی گئی تقاریر سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ 60 سال سے زائد عمر کے شخص کو شمال مغربی لندن میں سنگین جرائم ایکٹ 2007 کی دفعہ 44 کے تحت دانستہ طور پر اکسانے یا جرائم میں معاونت فراہم کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔

انہیں پولیس اینڈ کرمنل ایویڈنس ایکٹ کے تحت حراست میں لے کر جنوبی لندن کے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا، جہاں ان سے پولیس حراست میں تفتیش کی گئی۔

مزید پڑھیں: برطانوی پولیس کی الطاف حسین کی متنازع تقریر سے متعلق تفتیش مکمل

بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے سلسلے میں افسران نے شمال مغربی لندن کے پتہ پر تلاشی لی اور تفتیش کاروں نے شمال مغربی لندن میں ایک علیحدہ کمرشل پتہ کی بھی تلاشی لی۔

میٹرو پولیٹن پولیس کے بیان کے مطابق میٹرو پولیٹن پولیس کی انسداد دہشت گردی کمانڈ سے تعلق رکھنے والے افسران نے تفتیش کی توجہ ایم کیو ایم سے منسلک شخص کی جانب سے اگست 2016 میں پاکستان میں کی گئی تقریر پر مرکوز کی جبکہ ساتھ ہی اسی شخص کی دیگر تقاریر کو بھی دیکھا جارہا ہے۔

اس پوری تحقیقات کے دوران لندن پولیس کے افسران پاکستانی حکام سے رابطے میں رہے اور تحقیقات جاری رکھیں۔

خیال رہے کہ رواں برس اپریل میں برطانیہ کی میٹروپولیٹن پولیس کی 12 رکنی ٹیم نے ایم کیو ایم لندن کے قائد الطاف حسین کی 2016 کی متنازع تقریر سے متعلق کیس میں اپنی تفتیش مکمل کی تھی۔

اس سلسلے میں برطانوی پولیس کیس میں ثبوتوں کے حصول اور گواہوں کے بیانات کے لیے پاکستان آئی تھی، اس تفتیش کے دوران سندھ پولیس حکام کی ٹیم کے 6 اراکین برطانوی پولیس کی انسداد دہشت گردی کمانڈ (ایس او 15) کے سامنے بطور گواہ پیش ہوئے تھے اور اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

کیس کی تفتیش کے دوران برطانوی پولیس کے ماہرین نے سندھ پولیس کے ان حکام کا انٹرویو کیا جو اس وقت صدر کراچی میں تعینات تھے جب 22 اگست 2016 میں الطاف حسین نے پاکستان مخالف تقریر کی تھی۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد کی اس تقریر کے بعد ان کی جماعت کے حامیوں نے کراچی پریس کلب کے قریب میڈیا ہاؤسز پر مبینہ طور پر حملہ کیا تھا، پرتشدد کارروائیاں کی تھی اور گاڑیوں کو نذرآتش کیا تھا۔

تفتیش سے متعلق سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ برطانوی سی ٹی سی ٹیم کا مقصد 22 اگست 2016 کے واقعے کے اہم گواہوں سے تحریر بیان کو ثبوت کی شکل میں حاصل کرنا تھا۔

برطانوی پولیس کی جانب سے حاصل کیے گئے ثبوتوں کو اس بات کا تعین کرنے کے لیے کراؤن پروسیکیوشن سروس کے سامنے پیش کرنا تھا کہ آیا برطانوی عدالتوں میں الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے آغاز کے لیے یہ کافی مواد ہے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف نہ صرف نفرت انگیز تقریر بلکہ دیگر مقدمات بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 22 اگست 2016 کے بعد ایم کیو ایم کہاں کھڑی ہے؟

اس سے قبل سال 2013 میں لندن پولیس نے الطاف حسین کے گھر اور دفتر پر ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں چھاپے مارے تھے، جس میں الطاف حسین کے گھر سے مبینہ طور پر بڑی تعداد میں نقدی برآمد ہوئی تھی جسے 'پروسیڈ آف کرائم ایکٹ' کے تحت قبضے میں لے لیا گیا تھا۔

اس کے بعد لندن پولیس نے ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے علاوہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات بھی شروع کردی تھی۔

ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جون 2014 میں الطاف حسین کو برطانیہ میں پولیس نے تحقیقات کے لیے حراست میں لیا تھا، تاہم انہیں چند روز بعد رہا کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں کیس کی تحقیقات کے دوران ان کی ضمانت میں کئی بار توسیع کی گئی۔

13 اکتوبر 2016 اسکاٹ لینڈ یارڈ نے الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس ختم کردیا تھا، تاہم بعد ازاں 2017 میں حکومت پاکستان نے برطانیہ سے ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات ختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔

تبصرے (2) بند ہیں

اسلم خان Jun 11, 2019 03:16pm
مشکل نظر آتا ہے ، کچھ بڑا ہونا۔ ابھی تک تو صرف پیالی میں طوفان ہے ،
Hasan Jun 12, 2019 02:54pm
He should be hang publicly this poison should should not spread anymore i am Mohajir from Karachi but hate him from first day in University of Karachi.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024