• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

مقابلہ حسن میں میری جگہ ایشوریا کو بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا، سشمیتاسین

شائع June 4, 2019
دونوں اداکارائیں حسن کے عالمی مقابلے جیت چکی ہیں—فوٹو: فلمی بیٹ
دونوں اداکارائیں حسن کے عالمی مقابلے جیت چکی ہیں—فوٹو: فلمی بیٹ

سابق مس انڈیا اور مس یونیورس کے مقابلہ حسن جیتنے والی اداکارہ 43 سالہ سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ 1994 میں مقابلہ حسن میں ان کی جگہ ایشوریا رائے کو بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سشمیتاسین نے 1994 میں فلپائن میں ہونے والے عالمی مقابلہ حسن مس یونیورس کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اسی سال ایشوریا رائے نے مس ورلڈ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

ایشوریا رائے اور سشمیتاسین نے بھارت میں ہونے والے مس فیمینا انڈیا کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد انہیں عالمی مقابلوں میں بھیجا گیا تھا۔

ایشوریا رائے کو مس ورلڈ جب کہ سشمیتا سین کو مس یونیورس کے مقابلوں میں بھیجا گیا اور دونوں اعزاز حاصل کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

دونوں اداکارائیں ایک ہی سال میں عالمی مقابلوں میں منتخب ہوئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں اداکارائیں ایک ہی سال میں عالمی مقابلوں میں منتخب ہوئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

جس وقت سشمیتا سین کو عالمی مقابلہ حسن کا اعزاز دیا گیا اس وقت ان کی عمر 18 برس تھی اور حال ہی میں انہوں نے اعزاز حاصل کرنے کی 25 ویں سالگرہ منائی۔

ایک انٹرویو میں سشمیتا سین نے انکشاف کیا کہ مقابلہ حسن کے لیے فلپائن جانے سے کچھ دیر قبل ان کا پاسپورٹ گم ہوگیا تھا اور ان مقابلے کے منتظمین نے ان کی جگہ ایشوریا رائے کو مس یونیورس کے مقابلوں میں بھیجنےکا پروگرام بنالیا تھا۔

عین وقت پر پاسپورٹ گم ہوجانے کی وجہ سے ایشوریا کو بھیجنے کا پروگرام بنایا گیا، اداکارہ—اسکرین شاٹ
عین وقت پر پاسپورٹ گم ہوجانے کی وجہ سے ایشوریا کو بھیجنے کا پروگرام بنایا گیا، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کا پاسپورٹ معروف ماڈل اور مقابلے کے منتظمین میں شامل انوپما ورما سے گم ہوگیا تھا۔

ان کے مطابق مس یونیورس کے مقابلے میں شرکت کے لیے جانے سے قبل انوپما ورما نے ان سے کچھ ضروری کام کےلیے پاسپورٹ لیا تھا اور بعد میں وہ کہیں ان کا پاسپورٹ بھول گئیں۔

سشمیتا سین نے بتایا کہ اگرچہ انوپما ورما نے ان کے پاسپورٹ گم کرنے کی ذمہ داری لی اور معذرت بھی کی لیکن وہ وقت ان باتوں کا نہیں تھا کیوں کہ انہیں جلد سے جلد ملک سے باہر پاسپورٹ کے ذریعے جانا تھا۔

سشتمیا ستین 18 برس کی عمر میں مس یونیورس منتخب ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام
سشتمیا ستین 18 برس کی عمر میں مس یونیورس منتخب ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کا کہنا تھا کہ عین وقت پر پاسپورٹ گم ہوجانے پر وہ پریشان ہونے کے ساتھ غصے میں بھی بھر گئی تھیں اور اندر ہی اندر سے وہ کمزور بھی ہوگئی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ کسی کے سامنے نہیں روئیں۔

اداکارہ کے مطابق پاسپورٹ گم ہوجانے کے بعد وہ صرف اپنے والد کے سامنے روئیں اور انہیں پوری صورتحال سے آگاہ کیا اور پھر انہوں نے اس وقت کے وزیر داخلہ سے مدد کی اپیل کی۔

دونوں نے 1995 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا—فائل فوٹو: اسپاٹ بائے
دونوں نے 1995 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا—فائل فوٹو: اسپاٹ بائے

سشمیتا سین نے بتایا کہ سابق وزیر داخلہ راجیش پائلٹ نے ان کی مدد کی اور وہ فلپائن جانے میں کامیاب ہوگئیں۔

اداکارہ کے مطابق بر وقت پاسپورٹ نہ ملنے پر منتظمین نے انہیں بتایا کہ ان کی جگہ ایشوریا رائے کو مقابلہ حسن میں بھیجا جائے گا، جس پر انہیں کافی غصہ آیا۔

سشمیتا سین کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے کئی مقابلے جیت کر یہ موقع حاصل کیا تھا اور انہیں یہ بات بلکل غلط لگی کہ ان کی جگہ کسی اور کو بھیجا جائے گا۔

انٹرویو میں اداکارہ نے وضاحت کی کہ ان کے اور ایشوریا رائے کے ذاتی اختلافات کوئی نہیں، لیکن اس وقت منتظمین کی جانب سے میری جگہ انہیں بھجوائے جانے کے پروگرام پر مجھے غصہ آیا۔

دونوں اداکارائیں ایک دوسرے سے کم ہی ملتی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/فیس بک
دونوں اداکارائیں ایک دوسرے سے کم ہی ملتی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/فیس بک

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024