توند سے نجات میں مددگار غذائی ٹپس
اگر تو آپ کی توند نکل آئے تو یقیناً شخصیت کا سارا تاثر خراب ہوجاتا ہے اور ذہنی پریشانی الگ ہوتی ہے۔
یقیناً ایسا ہونے پر سب لوگ اچھا نطر آنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں اور اضافی چربی سے نجات حاصل کرنا مشن بنالیتے ہیں جو کہ مختلف سنگین امراض کا خطرہ بھی بڑھاتی ہے، جیسے ذیابیطس، امراض قلب وغیرہ۔
یہاں کچھ ایسی غذائی ٹپس دی جارہی ہیں جو بہت کم عرصے میں توند سے نجات میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
نمک کا استعمال کم کریں
غذا میں نمک کا زیادہ استعمال جسم میں پانی کے توازن کو متاثر کرتا ہے جس سے پانی ایک جگہ جمع ہونے لگتا ہے یا پیٹ پھولتا ہے۔ ماہرین کے مطابق غذا میں نمک کی مقدار میں کمی لانا میٹابولزم کو زیادہ متحرک رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
جنک فوڈ اور میٹھے مشروبات سے گریز
جنک فوڈ جیسے فرنچ فرائیز، برگر، پیزا اور دیگر میں موجود کیلوریز کو صفر کیلوریز مانا جاتا ہے اور یہ جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ میٹھے مشروبات، کیک اور چکنائی سے بھرپور میٹھی مصنوعات کا استعمال بھی موٹاپے کا باعث بنتا ہے۔
ریفائن آئل سے دوری
ریفائن ہائیڈروجنیٹ آئل میں چکنائی اور کیلوریز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جبکہ اس کا استعمال نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بڑھاتا ہے، اس کے مقابلے میں اپنے کھانے صحت بخش سبزیوں کے تیل یا سن فلاور آئل سے تیار کریں تاکہ زیادہ کیلوریز کو جزو بدن بنانے سے گریز کریں۔
زیادہ فائبر اور پروٹین والی غذاﺅں کا استعمال
اپنی غذا میں فائبر اور پروٹین کی موجودگی کو یقینی بنائیں، پروٹین اور فائبر کھانے کو ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرا رکھتے ہیں جس کے نتیجے میں بے وقت کھانے کی خواہش پر قابو پانا آسان ہوجاتا ہے۔ فائبر سے بھرپور غذائیں جیسے اناج، سبز پتوں والی سبزیاں، سیزن کے پھل اور سبزیاں جبکہ پروٹین سے بھرپور غذائیں جیسے انڈے، جو، دال، چکن، مچھلی، سرخ گوشت اور دیگر قابل ذکر ہیں۔
زیادہ پانی پینا عادت بنائیں
زیادہ پانی پینے کی عادت دیر تک پیٹ کو بھرے رکھتی ہے، اکثر ہمارا دماغ پیاس کو بھوک سمجھ لیتا ہے اور زیادہ چکنائی اور میٹھی اشیا کھانے پر مجبور کرتا ہے۔ اگر پانی کا ذائقہ پسند نہیں تو اس میں لیموں کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
سبز چائے نوش فرمائیں
سبز چائے میں کمر کو گھٹانے والے اجزاءموجود ہوتے ہیں اسی لیے یہ پیٹ کی چربی گھلانے کے لیے بہترین مشروب سمجھا جاتا ہے، سبز چائے میں موجود اجزا میٹابولزم کی رفتار بڑھا کر جگر کو چربی گھلانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ طبی رپورٹس کے مطابق روزانہ یہ فوائد حاصل کرنے کے لیے چار سے پانچ کپ سبز چائے کا استعمال ضروری وہتا ہے، تاہم اس میں چینی کو شامل کرنے سے گریز کریں۔
سونے کا وقت طے کریں
توند میں ورزش کے بغیر کمی لانے کا ایک حیران کن طریقہ زیادہ نیند ہے، طبی رپورٹس کے مطابق رات کو چھ سے آٹھ گھنٹے کی نیند انسولین کی سطح کو متوازن رکھنے اور تناﺅ کا باعث بننے والے ہارمون کو بڑھنے نہیں دیتی، مکمل آرام سے جسم کے پاس دن بھر کے کاموں کے لیے مناسب مقدار میں کیلوریز بھی دستیاب ہوتی ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
تبصرے (2) بند ہیں