• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

’مغرب کو بتانا ہوگا مسلمان اپنے نبی ﷺ سے کتنی محبت کرتے ہیں‘

شائع June 1, 2019 اپ ڈیٹ June 2, 2019
وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں 14ویں اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کی—تصویر: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں 14ویں اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کی—تصویر: اے ایف پی

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 14 ویں سربراہی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ یہ او آئی سی کی ناکامی معلوم ہوتی ہے کہ ہم دیگر ممالک پر یہ واضح نہیں کرسکے کہ ہم اپنے نبی ﷺ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔

مکہ المکرمہ میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ ’جب کسی نے مغرب سے ہمارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی تو مجھے ہمیشہ مسلم امہ اور او آئی سی کے ردِ عمل کا فقدان محسوس ہوا، او آئی سی میں موجود اہم ریاستوں کے سربراہان پر مسلم دنیا کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ مغرب میں مذہب کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی جتنی مسلم دنیا میں اسلام کو دی جاتی ہے، ہماری زندگیوں میں ہمارا مذہب شامل ہے جبکہ مغربی دنیا میں مذہب کی جانب بالکل مختلف رجحان ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارا کام ہے کہ مغربی عوام کو بتائیں کہ جب ہمارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے تو ہم مسلمانوں کو کتنی تکلیف پہنچتی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم امہ ایک ہوکر گستانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائے، وزیر اعظم

اس لیے ہمیں اقوامِ متحدہ، یورپی یونین جیسے فورمز پر انہیں بتانا ہوگا کہ وہ آزادی اظہارِ رائے کے نام پر ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’یہودی عوام نے بڑی کامیابی سے دنیا کو بتادیا ہے کہ ہولوکاسٹ کی کوئی بھی غلط تشریح ان کے لیے تکلیف کا باعث ہے اس لیے اب مغرب میں ہولوکاسٹ کا معاملہ نہایت حساس ہے لیکن یہ حساسیت اس وقت نہیں دکھائی جاتی جب قرآنِ پاک یا نبی ﷺ کی بات کی جاتی ہے‘۔

او آئی سی میں اپنی پہلی تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کا مسئلہ اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا میں بڑی آسانی سے اسلام اور دہشت گردی کو جوڑ دیا جاتا ہے مجھے محسوس ہوتا ہے اس سے مسلمانوں میں بڑی حد تک مایوسی پھیلتی ہے مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا اس سے دو چیزیں جنم لیتی ہیں ایک اسلاموفوبیا، جب بھی کوئی مسلمان دہشت گردی میں ملوث ہوتا ہے تو اسلامی دہشت گردی کا نام دیا جاتا ہے، مغربی عوام اعتدال پسند اور انتہا پسند مسلمان میں فرق نہیں کرتے۔

مزید پڑھیں: مسلم ممالک کے درمیان تنازعات ہمیں کمزور کر رہے ہیں، وزیر اعظم

وزیراعظم نے کہا کہ 9/11 سے قبل 80 فیصد خود کش حملے تامل ٹائیگرز نے کیے لیکن کسی نے بھی ہندو مت کو اس کا الزام نہیں دیا جو درست ہے وہ ایک سیاسی جدو جہد تھی، اسی طرح جب جاپانی سپاہی امریکی جہازوں پر خودکش حملے کرتے تھے تو کوئی جاپان کے مذہب کو الزام نہیں دیتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح اس کا دوسرا بڑا نقصان مسلم دنیا کی جدو جہدِ آزادی کو ہورہا ہے اور انتہا پسند اسلام کی بنیاد پر مسلم سیاسی جدوجہد کو غیر قانونی قرار دیا جارہا ہے مثلاً گیارہ ستمبر کے بعد کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کو اسلامی بنیاد پرستی کہہ کر دبایا گیا، اسی طرح فلسطین میں گیارہ ستمبر کے بعد اسرائیلی حکومت، اسلامی دہشت گردی کا لفظ استعمال کر کے وہاں جاری جدو جہد کو دبا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد میں مضمر ہے‘

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں بھی یہ نکتہ اٹھانا چاہتا ہوں کہ مسلم دنیا کو سائنس اور ٹیکنالوجی کی جانب زیادہ توجہ دینی چاہیے‘۔

انہوں نے زور دیا کہ ’ہمیں بہترین تعلیم اور یونیورسٹیز پر مزید توجہ دینی ہوگی، یہ شعبہ جس میں مسلم دنیا پیچھے ہے، مجھے خوف ہے کہ مسلم دنیا ایک مرتبہ پھر پیچھے رہ جائے گی اور یہ معاملہ اٹھانے کے لیے یہ فورم بہترین ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایک نئے صنعتی دور کے دہانے پر کھڑے ہیں اور مسلمان دنیا کو اس جانب مزید توجہ دینی ہوگی، تمام تر وسائل ہونے کے باوجود بھی مجھے ڈر ہے کہ ہم پیچھے رہ جائیں گے اس کے لیے او آئی سی پلیٹ فارم بہترین جگہ ہے جہاں ہم سائنس اور ٹیکنالوجی پر مزید خرچ کرنے کے بارے میں غور کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اس تنظیم کا قیام کس طرح عمل میں آیا تھا کہ فلسطینوں کو ان کے گھروں سے نکالا گیا اور ان سے انسانی حقوق و جمہوری حقوق چھین لیے گئے جبکہ اس مسئلے کا 2 ریاستی حل کے علاوہ کوئی حل نہیں اور مشرقی یروشلم کو لازمی فلسطین کا دارالحکومت بننا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: او آئی سی: مسلم اُمہ سے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ

وزیراعظم نے کہا کہ گولان کی پہاڑیاں 1969 کے سرحد کے مطابق واپس کی جانی چاہیے، اسی طرح میں سمجھتا ہوں کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں دیا جارہا ہے جیسا کہ عالمی برادری نے وعدہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح کشمیر کے عوام کو بھی ان کا حقِ خود ارادیت حاصل ہونا چاہیے، اور بحثیت ایک تنظیم او آئی سی کو مسلم دنیا میں وقوع پذیر ہونے والے جبر کی مخالفت کرنی چاہیے۔

وزیر اعظم کی محمد بن سلمان سے ملاقات

وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان او آئی سی سربراہ اجلاس کے موقع پر مکہ مکرمہ میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد نے او آئی سی اجلاس میں شرکت پر وزیر اعظم عمران خان کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملاقات میں سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد اور سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پہلے اجلاس کے فیصلوں پر بھی جلد عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا۔

او آئی سی اجلاس

واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا 14 واں اجلاس مکہ المکرمہ میں منعقد ہوا جس میں سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 57 رکن ممالک کے وفود نے شرکت کی جس میں پاکستانی وفد وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں شریک ہوا۔

سربراہی اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ ’ایرانی حمایت یافتہ گروہ کے سعودی پمپنگ اسٹیشن پر ڈرون حملے سے نہ صرف سعودی عرب اور خلیج کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہوئے بلکہ عالمی سطح پر تیل کی فراہمی اور سمندری تحفظ کے لیے بھی دھمکی ہے'۔

مزید پڑھیں: او آئی سی سربراہ اجلاس: وزیراعظم سے افغان، مصری صدور کی ملاقاتیں

ان کا کہنا تھا کہ’ متحدہ عرب امارات کے ساحل کے نزدیک سعودی تیل کے کنٹینرز سمیت 4 بحری جہازوں کے خلاف تخریب کاری کی کارروائیاں سمندری تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی سیکیورٹی کے لیے خطرے کا اظہار ہے۔

2 روزہ اجلاس میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز اور خلیج عرب میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر خصوصی گفتگو کی گئی۔

خیال رہے کہ 2019 او آئی سی کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کا برس بھی ہے، 1969 میں قائم ہونے والی او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی کثیر الملکی تنظیم ہے جس میں ایک چوتھائی سے زیادہ آبادی کے نمائندے شامل ہے جن کا مجموعی جی ڈی پی 190.4 کھرب ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے خطے کے سربراہان کو مکہ المکرمہ میں بلانے کا مقصد مسلم اور عرب دنیا کا ایران کے معاملے پر یکساں موقف تشکیل دینا اور مشرق وسطیٰ میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ کو کم کر کے عالمی سطح پر اسے مزید تنہا کرنا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Nadeem Ahmad Jun 01, 2019 05:51pm
خان صاحب کچھ کرو۔۔۔۔ ملک پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس چکا تھا اب اور اسے اور مت نچوڑیں اتنا کے ریزہ ریزہ ہوجائے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024